یوٹیوب نے ڈیجیٹل دنیا میں ایک اور بڑا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ کمپنی کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق پلیٹ فارم پر اب تک 20 ارب سے زائد ویڈیوز اپ لوڈ کی جا چکی ہیں، جس نے اسے دنیا کا سب سے بڑا ویڈیو اور میوزک پلیٹ فارم بنا دیا ہے۔
یوٹیوب کا آغاز 2005 میں ہواتھااوریہ ابتدا میں مختصر ویڈیوز تک محدود تھا، تاہم وقت کے ساتھ یہ میوزک، پوڈکاسٹس، لائیو اسٹریمنگ، یوٹیوب شارٹس، تعلیمی مواد، گیمنگ اور خبروں کا عالمی مرکز بن چکا ہے۔
یوٹیوب کے مطابق روزانہ 2 کروڑ سے زیادہ نئی ویڈیوز اپ لوڈ ہوتی ہیں، جبکہ ہر منٹ ہزاروں گھنٹوں پر مشتمل نیا مواد پلیٹ فارم کا حصہ بنتا ہے۔ اسی وجہ سے ویڈیوز کی مجموعی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔
اگرچہ یوٹیوب نے گانوں کی درست تعداد جاری نہیں کی، تاہم یوٹیوب میوزک پر 10 کروڑ سے زائد آفیشل گانے موجود ہیں۔ اس کے علاوہ کروڑوں ری مکسز، کور سونگز، لائیو پرفارمنسز اور صارفین کی جانب سے اپ لوڈ کیا گیا موسیقی پر مبنی مواد بھی دستیاب ہے۔ ماہرین کے مطابق یوٹیوب پر گانوں اور موسیقی سے متعلق ویڈیوز کی تعداد کئی ارب تک پہنچ سکتی ہے۔
یوٹیوب کے ڈیٹا کے مطابق 300 سے زائد میوزک ویڈیوز ایک ارب ویوز کا ہندسہ عبور کر چکی ہیں۔ ان میں ایڈیل کا ہیلو، ایڈ شیرن کا شیپ آف یو، لوئس فونسی کا ڈیسپاسیٹو اور دیگر عالمی ہٹ گانے شامل ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یوٹیوب اب صرف ویڈیوز دیکھنے کی ویب سائٹ نہیں بلکہ دنیا کا سب سے بڑا ڈیجیٹل تفریحی اور میوزک پلیٹ فارم بن چکا ہے، جہاں ہر روز لاکھوں نئے تخلیق کار اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر رہے ہیں۔











