اہم ترین

صرف چیٹ نہیں، خود کام کرے گا میٹا کا نیا اے آئی ایجنٹ

میٹا مصنوعی ذہانت کے میدان میں اپنی پوزیشن مضبوط بنانے کے لیے ایک نئے اے آئی ایجنٹ ہیچ پر کام کر رہی ہے، جو مارکیٹ میں موجود چیٹ جی پی ٹی پرو اور کلاؤڈ جیسے جدید اے آئی ماڈلز کو براہِ راست ٹکر دے سکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق میٹا اس سروس کو سبسکرپشن بنیادوں پر متعارف کرا سکتی ہے، جس کی متوقع قیمت 200 ڈالر ماہانہ ہو سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق ہیچ روایتی چیٹ بوٹ سے مختلف ہوگا۔ یہ صرف سوالات کے جواب دینے کے بجائے ایک مکمل اے آئی ایجنٹ کے طور پر کام کرے گا جو صارف کی جانب سے مختلف ڈیجیٹل کام خود انجام دے سکے گا۔ ان کاموں میں کوڈنگ، پریزنٹیشن تیار کرنا، ای میل بھیجنا، میٹنگ شیڈول کرنا اور دیگر پیچیدہ امور شامل ہو سکتے ہیں۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہیچ کو اس انداز میں تیار کیا جا رہا ہے کہ صارف عام زبان میں ہدایات دے اور اے آئی خودکار طور پر مطلوبہ ٹول یا سافٹ ویئر بنا کر کام مکمل کر دے۔ مثال کے طور پر صارف اگر فٹنس ٹریکر ایپ بنانے کا کہے تو اے آئی خود اس کے لیے ضروری ٹول تیار کر سکتا ہے۔

یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ہیچ کی صلاحیتیں اوپن سورس اے آئی ایجنٹ اوپن کلو سے ملتی جلتی ہوں گی، جو صارف کے ڈیوائس پر مختلف ڈیجیٹل کام خودکار انداز میں انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اے آئی کے شعبے میں بڑھتی ہوئی مسابقت کے پیشِ نظر میٹا کا یہ قدم انتہائی اہم سمجھا جا رہا ہے، کیونکہ کمپنی اب صرف چیٹ بوٹس کے بجائے ایسے ذہین ایجنٹس پر توجہ مرکوز کر رہی ہے جو انسانی مداخلت کم سے کم رکھتے ہوئے خود فیصلے کر کے کام مکمل کر سکیں۔

پاکستان