مری ایکسپریس وے پر ہولناک ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 10 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 13 زخمی ہو گئے۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کے مطابق ملتان سے مری جانے والی ایک ہائی ایس وین موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے نالے میں جا گری۔ حادثے کے فوراً بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی جس نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا۔
موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت وین میں بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے متعدد افراد سوار تھے۔ گاڑی نالے میں گرنے کے بعد الٹ گئی اور دروازے جام ہو جانے کے باعث مسافروں کا باہر نکلنا انتہائی مشکل ہو گیا، جس سے جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔
عینی شاہدین کے مطابق وین تیز رفتاری سے سفر کر رہی تھی کہ اچانک سڑک سے پھسل کر نالے میں جا گری۔ مقامی افراد نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں تاہم اسی دوران گاڑی میں آگ لگ گئی۔
متاثرہ خاندان کے ایک قریبی فرد نے بتایا کہ خاندان کے افراد گزشتہ رات ملتان سے مری کی سیر کے لیے روانہ ہوئے تھے لیکن منزل تک پہنچنے سے پہلے ہی یہ افسوسناک حادثہ پیش آ گیا۔
ریسکیو ٹیموں نے تمام لاشوں اور زخمیوں کو نکال کر اسلام آباد کے پمز ہسپتال منتقل کر دیا ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیاں مکمل کر لی گئی ہیں۔


