اہم ترین

ایک وفاقی وزیر نے آزاد کشمیر میں لگی آگ پر تیل چھڑکا ہے: بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ایک وفاقی وزیر نے آزاد کشمیر میں لگی آگ پر تیل چھڑکا ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کشمیر میں جو آگ بھڑک رہی ہے، ایک وفاقی وزیر نے اپنے بیان کے ذریعے اس آگ میں تیل چھڑکا ہے۔ آزاد کشمیر کے عوام کی شناخت، قربانیوں اور حقِ خودارادیت کی جدوجہد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ آخر ایسا وزیر آج بھی کابینہ کا حصہ کیوں ہے جس نے راولاکوٹ کے کشمیریوں کی شناخت پر سوال اٹھایا اور اپنے الفاظ واپس لینے یا معافی مانگنے سے بھی انکار کیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر اور کشمیریوں کے حوالے سے غیر ذمہ دارانہ بیانات نہ صرف ناقابلِ قبول ہیں بلکہ قومی مؤقف کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔ کشمیری عوام کے احترام اور ان کے حقوق کے دفاع پر پوری قوم متحد ہے

بلاول بھٹو زرداری نے اپنی جیب میں 12 سیٹیں رکھنے کے رانا ثنااللہ کے بیان پر قومی اسمبلی کے اجلاس میں کڑی تنقید کہا کہ کشمیر کے موجودہ حالات کی ذمہ داری کسی اور سیاسی جماعت پر نہیں بلکہ رانا ثنااللہ کے بیان کی بدولت مظاہرین کو موقع ملا کہ وہ کشمیر کے ایسے حالات بنادیں کہ جیسے آج ہیں۔

آج جب کشمیر میں آگ بجھانے کا وقت آگیا ہے تو حکومت وقت کو چاہیئے کہ سیاسی حل میں رکاوٹیں پیدا کرنے کے بجائے مولانا فضل الرحمان کو یہ موقع دیں کہ وہ وفاقی حکومت، آزاد کشمیر حکومت اور مظاہرین کے ساتھ بات چیت کر کے اس معاملے کو ایسے حل کی طرف لے کر آئیں کہ بار بار کشمیر کے عوام کو اس طرح احتجاج نہ کرنا پڑے، تمام لوگوں کے لئے ایسا سیاسی راستہ اپنایا جائے جس سے کشمیر کاز کو ہم بچا سکیں۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں ایم کیو ایم کے اراکین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے اپنے وفاقی کابینہ کے ساتھی آپ کو حقیقت بتانے کے بجائے گمراہ کر رہے ہیں تاکہ عوامی غصے کا رخ اپنی طرف آنے کے بجائے سندھ حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب موڑ دیا جائے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تنقید ضرور کریں، یہ آپ کا جمہوری حق ہے، مگر صرف سندھ حکومت پر نہیں بلکہ ان لوگوں سے بھی جواب مانگیں جو اقتدار، وسائل اور فیصلوں پر قابض ہیں۔ اب فیصلہ آپ نے کرنا ہے؛ کراچی کے عوام کے حقوق زیادہ اہم ہیں یا وفاقی حکومت میں چند وزارتیں اور کرسیاں؟ اگر وفاقی حکومت آپ کے جائز مطالبات تسلیم نہیں کرتی تو پھر صرف بیانات دینے کے بجائے عملی قدم اٹھائیں اور حکومت سے علیحدگی اختیار کریں۔

پاکستان