اہم ترین

قانونی نوٹس کا اثر: ناصر مدنی نے مومنہ اقبال سے معافی مانگ لی

لاہور: معروف مذہبی مقرر ناصر مدنی نے پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال کے خلاف دیے گئے اپنے متنازع بیان پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کی گفتگو سے اداکارہ یا ان کے اہلِ خانہ کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ اس پر عوامی سطح پر معافی کے خواستگار ہیں۔

چند روز قبل ناصر مدنی نے اپنے مخصوص پنجابی اندازِ بیان میں مومنہ اقبال سے متعلق بعض ریمارکس دیے تھے، جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئے۔ اس معاملے پر اداکارہ نے قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے ناصر مدنی کو قانونی نوٹس بھجوایا، جبکہ اس کیس کی پیروی ان کی بہن اور وکیل رمشہ اقبال نے کی۔

قانونی نوٹس کے بعد جاری اپنے تازہ بیان میں ناصر مدنی نے اپنے سابقہ مؤقف سے رجوع کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی کسی بات سے مومنہ اقبال یا ان کے خاندان کو دکھ پہنچا ہے تو وہ اس پر دلی معذرت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوامی طور پر معافی مانگتے ہیں اور اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ ہر بیٹی کی عزت اور وقار کا تحفظ معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

ناصر مدنی نے رمشہ اقبال کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قانون کے شعبے میں اپنی الگ شناخت قائم کی ہے اور انہیں تمام خواتین کے حقوق اور عزت کے تحفظ کے لیے آواز بلند کرتے رہنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی خاندان کی بیٹی کی عزت کو تنازعات کا حصہ نہیں بنانا چاہیے، کیونکہ معاشرے کی ہر بیٹی احترام اور وقار کی مستحق ہے۔

ناصر مدنی کی جانب سے یہ معذرت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ان کے سابقہ بیان پر سوشل میڈیا پر شدید ردعمل دیکھنے میں آیا تھا اور قانونی کارروائی کے بعد اس معاملے نے نئی صورت اختیار کرلی۔

پاکستان