امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کی آزادی کے 250 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے جاری کیے جانے والے خصوصی یادگاری پاسپورٹ کا ڈیزائن پیش کر دیا، جس میں ان کی تصویر کو نمایاں مقام دیا گیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر پاسپورٹ کا خاکہ شیئر کرتے ہوئے لکھا، امریکا کا نیا پاسپورٹ، جس پر لکھا ہے: خوش آمدید، مگر اچھا رویہ اختیار کریں!
جاری کردہ ڈیزائن میں ٹرمپ کو اپنے دفتر کی میز کے ساتھ سنجیدہ انداز میں دکھایا گیا ہے، جبکہ ان کے دستخط بھی پاسپورٹ کا حصہ ہیں۔ پس منظر میں امریکی اعلانِ آزادی کا متن شامل کیا گیا ہے۔ دوسری جانب 1776 میں اعلانِ آزادی پر دستخط کے تاریخی منظر کی تصویر کے ساتھ یونائیٹڈ اسٹیٹس آف امریکا 250 درج ہے۔
وائٹ ہاؤس نے بھی اس یادگاری دستاویز کا ڈیزائن پیٹریاٹ پاسپورٹ کے عنوان سے جاری کیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ اس سے قبل اعلان کر چکا تھا کہ خصوصی آرٹ ورک پر مشتمل یہ یادگاری پاسپورٹ 6 جولائی سے دستیاب ہوگا، تاہم محکمے نے ٹرمپ کی تصویر والے ڈیزائن پر فوری طور پر کوئی باضابطہ تبصرہ نہیں کیا۔
رپورٹس کے مطابق یہ خصوصی پاسپورٹ ابتدائی مرحلے میں صرف واشنگٹن میں بالمشافہ درخواست دینے والوں کو محدود تعداد میں فراہم کیے جائیں گے۔
یہ اقدام صدر ٹرمپ کی جانب سے سرکاری اداروں اور قومی علامتوں پر اپنی شناخت نمایاں کرنے کی وسیع حکمت عملی کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل بھی متعدد سرکاری عمارتوں پر ان کی تصاویر آویزاں کی جا چکی ہیں، جبکہ امریکی محکمہ خزانہ ایک ڈالر کے نوٹ پر ان کے دستخط شامل کرنے کا اعلان بھی کر چکا ہے۔
اگر یہ منصوبہ عملی شکل اختیار کرتا ہے تو ڈونلڈ ٹرمپ امریکی تاریخ کے پہلے حاضر سروس صدر ہوں گے جن کی تصویر امریکی شہریوں کی سفری دستاویزات میں شامل ہوگی۔











