اہم ترین

انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس کابین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

انگلینڈ کے ٹیسٹ کپتان بین اسٹوکس نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

بین اسٹوکس نے ٹرینٹ برج میں نیوزی لینڈ کے خلاف جاری تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کے دوران ڈریسنگ روم میں ساتھی کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے میرے آخری دو دن اور بطور کپتان میرے آخری دو دن ہیں۔

انہوں نے اپنی ریٹائرمنٹ کی وجوہات فوری طور پر بیان کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ اس کی تفصیل بعد میں سامنے لائیں گے، تاہم انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے آخری میچ میں بھی ٹیم کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

اس اعلان کے صرف چند لمحوں بعد اسٹوکس نے ایک اہم وکٹ حاصل کی، جس پر میدان میں موجود شائقین نے کھڑے ہو کر تالیاں بجا کر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔

بین اسٹوکس نے گزشتہ 15 برسوں کے دوران انگلینڈ کی نمائندگی کی۔ ان کے کیریئر کی سب سے بڑی کامیابی 2019 کے ون ڈے ورلڈ کپ فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف تاریخی اننگز رہی، جس نے انگلینڈ کو پہلی مرتبہ عالمی چیمپئن بنایا۔ وہ 2022 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی انگلش ٹیم کے بھی اہم رکن تھے، جبکہ اسی سال انہیں ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپی گئی۔

ریٹائرمنٹ کا اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا جب حالیہ سیریز کے دوران انہیں ایک نائٹ کلب واقعے کے بعد دوسرے ٹیسٹ سے ڈراپ کیا گیا تھا۔ بعد ازاں تحقیقات میں کسی ریگولیٹری خلاف ورزی کے لیے ناکافی شواہد ملنے پر انہیں تیسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں واپس شامل کر لیا گیا۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے چیئرمین نے بین اسٹوکس کو انگلینڈ کی تاریخ کے عظیم ترین کرکٹرز میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی غیرمعمولی کارکردگی، قیادت اور مشکل مواقع پر ٹیم کو فتوحات دلانے کی صلاحیت سے لاکھوں مداحوں کو ناقابلِ فراموش یادیں دیں۔

پاکستان