پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی تازہ اور بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری پیش رفت پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور امن و استحکام کے لیے سفارتی رابطوں اور مکالمے کی اہمیت پر زور دیا۔
اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا، خصوصاً اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تناظر میں سفارت کاری اور بات چیت کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
گفتگو کے دوران سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پاکستان کے دورے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ باہمی مشاورت سے مناسب تاریخ پر جلد پاکستان آنا چاہتے ہیں۔ اسحاق ڈار نے ان کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ دورہ جلد ممکن ہو سکے گا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے سعودی عرب میں پیش آنے والے آرامکو ہیلی کاپٹر حادثے پر دلی تعزیت کا اظہار بھی کیا، جس میں 14 سعودی شہری جان کی بازی ہار گئے۔










