اگر آپ کو ای میل لکھنے میں وقت لگتا ہے یا مناسب الفاظ تلاش کرنا مشکل محسوس ہوتا ہے تو جی میل کا جدید ہیلپ می رائٹ فیچر آپ کے لیے بہترین معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے لیس یہ فیچر صرف ایک مختصر پرامپٹ کی بنیاد پر مکمل ای میل کا مسودہ تیار کر دیتا ہے، جبکہ پہلے سے لکھی گئی ای میل کو بھی زیادہ مؤثر، واضح اور پروفیشنل انداز میں تبدیل کر سکتا ہے۔
گوگل نے اس اے آئی فیچر کو پہلی بار گوگل آئی او 2023 میں متعارف کرایا تھا۔ یہ جی میل کے ویب، اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ورژنز پر دستیاب ہے، تاہم اس سے فائدہ اٹھانے کے لیے مخصوص ورک اسپیس یا جیمنی پلان، یا ورک پلیس لیب تک رسائی درکار ہو سکتی ہے۔
ہیلپ می رائٹ رسمی کاروباری ای میل، میٹنگ کی درخواست، فالو اپ پیغام یا روزمرہ کی مختصر ای میل چند لمحوں میں تیار کر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ صارف ایک ہی کلک سے ای میل کو زیادہ مختصر، تفصیلی، دوستانہ یا پروفیشنل انداز میں بھی تبدیل کر سکتا ہے۔
اس فیچر کو اس استعمال کرنے کے لئے پہلے جی میل میں نئی ای میل (کمپوز) کھولیں۔ ہیلپ می رائٹ کے پٹن پر کلک کریں۔اپنی ضرورت کے مطابق مختصر پرامپٹ لکھیں۔اے آئی چند سیکنڈ میں ای میل کا مکمل متن تیار کر دے گا۔ اگر ضرورت ہو تو فورملائز، ، شورٹن، ایلوبریٹ یا ری فریز جیسے آپشنز کے ذریعے ای میل کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
گوگل کے مطابق اے آئی صرف ایک بہتر ابتدائی مسودہ فراہم کرتا ہے، جبکہ ای میل بھیجنے سے پہلے صارف اپنی ضرورت کے مطابق متن میں تبدیلی کر سکتا ہے۔ اس طرح وقت کی بچت کے ساتھ ای میل زیادہ مؤثر اور پیشہ ورانہ انداز میں لکھی جا سکتی ہے۔











