اہم ترین

پاکستان، بھارت میں قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ: 97 پاکستانیوں کی رہائی کا مطالبہ

پاکستان اور بھارت نے قونصلر رسائی سے متعلق دوطرفہ معاہدے کے تحت ایک دوسرے کی تحویل میں موجود قیدیوں کی تازہ فہرستوں کا سفارتی ذرائع سے تبادلہ کر لیا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کو مجموعی طور پر 250 بھارتی قیدیوں کی فہرست فراہم کی، جن میں 52 عام شہری اور 198 ماہی گیر شامل ہیں۔ دوسری جانب بھارت نے پاکستان کو اپنی جیلوں میں موجود 439 پاکستانی یا بظاہر پاکستانی قیدیوں کی فہرست دی، جن میں 386 شہری اور 53 ماہی گیر شامل ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق 21 مئی 2008 کے معاہدے کے تحت دونوں ممالک ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو ایک دوسرے کی تحویل میں موجود قیدیوں کی فہرستوں کے تبادلے کے پابند ہیں۔

پاکستان نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایسے 97 پاکستانی قیدیوں کو فوری طور پر رہا کر کے وطن واپس بھیجے جن کی سزائیں مکمل ہو چکی ہیں اور جن کی پاکستانی شہریت کی تصدیق بھی ہو چکی ہے۔ ان قیدیوں میں 64 عام شہری اور 33 ماہی گیر شامل ہیں۔

بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ بھارت اپنی تحویل میں موجود تمام پاکستانی اور بظاہر پاکستانی قیدیوں کی حفاظت، فلاح و بہبود اور قانونی حقوق کو یقینی بنائے، جبکہ جن قیدیوں کو ابھی تک قونصلر رسائی فراہم نہیں کی گئی، انہیں جلد از جلد یہ سہولت دی جائے تاکہ ان کی شہریت کی بروقت تصدیق ممکن ہو سکے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ حکومت اپنے شہریوں کی جلد رہائی اور محفوظ وطن واپسی کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے گی۔

پاکستان