اہم ترین

سونی کا بڑا فیصلہ: پلے اسٹیشن گیمز کی ڈسک فروخت بند

جاپانی ٹیکنالوجی کمپنی سونی نے اعلان کیا ہے کہ جنوری 2028 سے پلے اسٹیشن کے لیے جاری ہونے والی تمام نئی ویڈیو گیمز فزیکل ڈسک کی بجائے صرف ڈیجیٹل فارمیٹ میں دستیاب ہوں گی۔

کمپنی نے اپنے آفیشل پلے اسٹیشن بلاگ پر جاری بیان میں کہا کہ جنوری 2028 کے بعد نئی گیمز پلے اسٹیشن اسٹور اور دیگر مجاز ریٹیلرز کے ذریعے صرف ڈیجیٹل ڈاؤن لوڈ کی صورت میں فروخت کی جائیں گی۔

سونی نے واضح کیا کہ اس فیصلے کا ان تمام گیمز پر کوئی اثر نہیں پڑے گا جو جنوری 2028 سے پہلے ڈسک فارمیٹ میں جاری ہو چکی ہیں یا اس تاریخ سے قبل ریلیز ہوں گی۔

کمپنی کے مطابق یہ فیصلہ صارفین کی بدلتی ہوئی ترجیحات کے پیشِ نظر کیا گیا ہے، کیونکہ اب گیمرز کی بڑی تعداد فزیکل ڈسک کے بجائے ڈیجیٹل گیمز خریدنے کو ترجیح دے رہی ہے۔

یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب انتہائی متوقع گیم گرینڈ تھیفٹ آٹو 6 (جی ٹی آئی 6) کی صرف ڈیجیٹل ریلیز کی اطلاعات پر گیمنگ کمیونٹی میں بحث جاری ہے۔ متعدد صارفین کا کہنا ہے کہ فزیکل ڈسک نہ ہونے کی صورت میں سیکنڈ ہینڈ گیمز کی خرید و فروخت کا سلسلہ بھی متاثر ہوگا۔

سونی نے اپنے بیان میں کہا کہ کمپنی بدلتے ہوئے رجحانات کے مطابق خود کو ڈھال رہی ہے اور مستقبل میں بھی گیمرز کو بہترین گیمنگ تجربہ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

پاکستان