اہم ترین

زیارت میں پولیس چوکی پر حملے میں 9 اہلکار شہید، 15 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان کے ضلع زیارت کے علاقے مانگی میں پولیس چوکی پر مسلح دہشت گردوں کے حملے میں 9 پولیس اہلکار شہید ہو گئے، جبکہ سیکیورٹی فورسز کے کلیئرنس آپریشن میں 15 دہشت گرد مارے گئے۔

ایس پی زیارت عبدالقدوس کے مطابق دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جھڑپ کے دوران 9 پولیس اہلکار شہید ہوئے۔ شہداء کی میتیں ضلعی ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات شاہد رند نے بتایا کہ واقعے کے بعد ایف سی، پولیس، محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی)، اسپیشل آپریشن ونگ (ایس او ڈبلیو) اور اینٹی ٹیررسٹ فورس (اے ٹی ایف) نے مشترکہ کلیئرنس آپریشن مکمل کیا، جس میں 15 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ حملے میں شہید ہونے والوں میں ایس ایچ او تھانہ مانگی، ایس ایچ او تھانہ کواس، اے ٹی ایف انچارج اور دیگر پولیس اہلکار شامل ہیں۔ ان کے مطابق ڈی ایس پی غلام سرور سمیت 8 پولیس اہلکار بحفاظت تھانہ کاچ پہنچ گئے ہیں، جبکہ کانسٹیبل رضوان کو بھی بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایسے بزدلانہ دہشت گرد حملے ملک کے امن کو سبوتاژ نہیں کر سکتے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ریاست کا عزم غیر متزلزل ہے۔

پاکستان