اہم ترین

مودی سرکار دلجیت دوسانج کی ستلج سے خوفزدہ: فلم او ٹی ٹی پلیٹ فارم سے ہٹوا دی

معروف پنجابی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ کی فلم ستلج کو ریلیز کے صرف دو روز بعد او ٹی ٹی پلیٹ فارم زی فائیو سے ہٹا دیا گیا۔ بھارتی وزارتِ اطلاعات و نشریات نے کہا ہے کہ فلم کو ضروری قانونی سرٹیفکیشن مکمل کیے بغیر اسٹریمنگ پلیٹ فارم پر جاری کیا گیا تھا۔

وزارت کے ایک عہدیدار نے نیوز ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ فلم کے پاس تھیٹر میں نمائش کے لیے درکار سرٹیفکیٹ موجود نہیں تھا۔ سنسر بورڈ نے فلم میں تقریباً 100 کٹس تجویز کیے تھے، تاہم فلم سازوں نے ان ترامیم پر عمل کرنے کے بجائے فلم کا نام تبدیل کر کے اسے گزشتہ جمعہ کو زی فائیو پر ریلیز کر دیا۔

حکام کے مطابق یہ اقدام انفارمیشن ٹیکنالوجی (انٹرمیڈیری گائیڈ لائنز اینڈ ڈیجیٹل میڈیا ایتھکس کوڈ) رولز 2021 کی خلاف ورزی ہے، جس کے باعث فلم کو پلیٹ فارم سے ہٹایا گیا۔

زی فائیو نے بھی ایک سرکاری بیان میں تصدیق کی کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر ستلج کو بھارت میں آئندہ احکامات تک دستیاب نہیں رکھا جائے گا۔

او ٹی ٹی پلیٹ فارم کا کہنا ہے کہ وہ قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے فلم کو دوبارہ ناظرین کے لیے پیش کرنے کی کوشش جاری رکھے گا اور تخلیق کاروں کے ساتھ اپنی وابستگی برقرار رکھے گا۔

فلم ہٹائے جانے کے بعد دلجیت دوسانجھ نے انسٹاگرام لائیو کے ذریعے اپنے مداحوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس فیصلے کی پہلے ہی توقع تھی۔ ان کے مطابق انہیں اندازہ تھا کہ فلم پیر کو ہٹائی جائے گی، لیکن یہ کارروائی اتوار کی شام ہی کر دی گئی۔

دلجیت نے کہا کہ انہیں اس بات پر خوشی ہے کہ فلم ریلیز ہونے کے بعد بہت سے ناظرین تک پہنچ گئی۔ انہوں نے بتایا کہ لوگوں نے فلم ڈاؤن لوڈ بھی کر لی تھی، جبکہ ایک گوردوارہ صاحب میں پروجیکٹر کے ذریعے فلم کی نمائش دیکھ کر انہیں خاصی خوشی ہوئی۔

واضح رہے کہ ستلج انسانی حقوق کے کارکن جسونت سنگھ خالصہ کی زندگی پر مبنی فلم ہے، جسے ابتدا میں پنجاب 95 کے نام سے ریلیز کیا جانا تھا۔ سنسر بورڈ میں طویل عرصے تک منظوری نہ ملنے کے بعد فلم کا نام تبدیل کیا گیا اور اسے او ٹی ٹی پر جاری کر دیا گیا۔

فلم کی ہدایت کاری ہنی ٹریہان نے کی ہے، جبکہ اس میں دلجیت دوسانجھ، ارجن رامپال، کنولجیت سنگھ، سوویندر وِکی اور گیتیکا ودیا اوہلیان نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔

پاکستان