اہم ترین

مصر میں دنیا کے سب سے بڑے ملٹری ہیڈکوارٹر کا افتتاح

یہ کمپلیکس قاہرہ کے مشرق میں واقع مصر کے نئے انتظامی دارالحکومت میں تعمیر کیا گیا ہے اور اسے دنیا کی سب سے بڑی وزارتِ دفاعی عمارت قرار دیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے نے امریکی محکمہ دفاع کے ہیڈکوارٹر پینٹاگون کو رقبے کے لحاظ سے پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

افتتاحی تقریب میں صدر السیسی فوجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے پہنچے۔ انہوں نے اس منصوبے کو ایسی قوم کی خواہش کا مظہر قرار دیا جو کسی کام کو ناممکن نہیں سمجھتی۔

رپورٹس کے مطابق اوکٹاگون کمپلیکس مصر کے صدر السیسی کے دورِ اقتدار کے مہنگے ترین منصوبوں میں شامل ہے، جس کی تعمیر پر تقریباً 50 ارب یورو (57 ارب ڈالر) خرچ ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔

یہ منصوبہ ایسے وقت میں مکمل ہوا ہے جب مصر شدید معاشی دباؤ کا سامنا کر رہا ہے۔ ملک پر تقریباً 143 ارب یورو کے غیر ملکی قرضے موجود ہیں، جبکہ کئی مصری شہری حکومت کے بڑے تعمیراتی منصوبوں کو معاشی مشکلات کی ایک وجہ قرار دیتے ہیں۔

عبدالفتاح السیسی نے 2013 میں فوج کی حمایت یافتہ سیاسی تبدیلی کے بعد اقتدار سنبھالا تھا۔ ان کے دور میں مصر نے کئی بڑے انفراسٹرکچر منصوبے شروع کیے، جن میں نیا انتظامی دارالحکومت بھی شامل ہے۔

مصر خطے میں جاری کئی تنازعات سے متاثر رہا ہے، جن میں غزہ کی صورتحال، سوڈان کی جنگ اور پڑوسی ملک لیبیا کے مسائل شامل ہیں۔ تاہم 2011 کے انقلاب کے بعد پیدا ہونے والی بے امنی کے مقابلے میں مصر کے اندرونی سیکیورٹی حالات نسبتاً مستحکم رہے ہیں۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ نیا فوجی ہیڈکوارٹر جدید دفاعی ضروریات، قومی سلامتی کے انتظام اور مسلح افواج کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے تعمیر کیا گیا ہے، جبکہ ناقدین اسے ایسے وقت میں غیر معمولی اخراجات کی مثال قرار دیتے ہیں جب ملک معاشی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔

پاکستان