برسلز: امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کو یورپی یونین میں بڑا قانونی دھچکا لگا ہے، جہاں یورپی جنرل کورٹ نے ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ (ڈی ایم اے) کے خلاف دائر کی گئی کمپنی کی اپیل مسترد کر دی۔
لکسمبرگ میں قائم عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ایپل کو ایپ اسٹور اور آئی او ایس آپریٹنگ سسٹم کے حوالے سے “گیٹ کیپر” قرار دینے کا یورپی کمیشن کا فیصلہ درست ہے، لہٰذا کمپنی پر ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ کے تحت عائد سخت ضوابط برقرار رہیں گے۔
ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ کا مقصد بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی مارکیٹ پر اجارہ داری کو محدود کرنا، مسابقت کو فروغ دینا اور صارفین کے لیے زیادہ کھلا اور منصفانہ ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنا ہے۔
فیصلے کے بعد ایپل نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ڈی ایم اے کی بعض شرائط قانونی حدود سے تجاوز کرتی ہیں اور ان سے صارفین کی رازداری اور سکیورٹی کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ کمپنی نے کہا کہ وہ یورپی صارفین کے لیے جدت اور پرائیویسی کے تحفظ کی حمایت جاری رکھے گی۔
عدالت نے ایپل کی آئی میسج سے متعلق درخواست بھی ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ چونکہ آئی میسج کو ڈی ایم اے کے تحت اہم گیٹ وے سروس قرار نہیں دیا گیا، اس لیے اس پر یہ قواعد لاگو نہیں ہوتے۔
دوسری جانب یورپی صارفین کی تنظیم (پی ای یو سی) نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے آن لائن صارفین کو زیادہ انتخاب اور بہتر مسابقت میسر آئے گی۔











