دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کے ہیڈ کوچ لیونل اسکیلونی نے انگلینڈ کے خلاف ورلڈ کپ سیمی فائنل سے قبل کہا ہے کہ یہ مقابلہ صرف ایک فٹبال میچ ہے اور اسے سیاسی تنازعات سے جوڑنا درست نہیں۔
ارجنٹینا نے ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں سوئٹزرلینڈ کو اضافی وقت میں 1-3 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔
میچ میں الیکسس میک ایلسٹر نے ابتدا میں ارجنٹینا کو برتری دلائی، تاہم ڈین نڈوئے نے دوسرے ہاف میں گول کرکے مقابلہ برابر کر دیا۔ سوئٹزرلینڈ کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب بریل ایمبولو کو دوسرا پیلا کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔
اضافی وقت کے 112ویں منٹ میں جولیان الواریز نے فیصلہ کن گول کیا، جبکہ متبادل کھلاڑی لاؤتارو مارٹینیز نے آخری لمحات میں تیسرا گول کر کے ارجنٹینا کی فتح یقینی بنا دی۔
اب ارجنٹینا کا سیمی فائنل میں انگلینڈ سے مقابلہ ہوگا، جسے عالمی فٹبال کا ایک روایتی اور سنسنی خیز مقابلہ سمجھا جاتا ہے۔
میچ سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیونل اسکیلونی نے کہا، یہ صرف ایک فٹبال میچ ہے۔ ہمارا مقابلہ ایک مضبوط حریف سے ہوگا، جس کے پاس بہترین کوچ موجود ہے۔ ہمیں صرف کھیل پر توجہ دینی ہے۔
ارجنٹینا اور انگلینڈ کے درمیان ورلڈ کپ مقابلوں کی تاریخ انتہائی دلچسپ رہی ہے، خصوصاً 1986 کے ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں عظیم فٹبالر ڈیاگو مارادونا کے ہینڈ آف گاڈ اور شاندار سولو گول کو آج بھی فٹبال تاریخ کے یادگار لمحات میں شمار کیا جاتا ہے۔
اسکیلونی نے اعتراف کیا کہ ان کی ٹیم کو سیمی فائنل میں مزید بہتر کھیل پیش کرنا ہوگا۔ سیمی فائنل تک پہنچنا ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے، اور اب ہم آخری لمحے تک پوری طاقت اور بھرپور جذبے کے ساتھ ٹائٹل کے لیے لڑیں گے۔ اگر کامیاب ہوئے تو بہت اچھا، اور اگر نہیں بھی ہوئے تو کوئی یہ نہیں کہہ سکے گا کہ ہم نے اپنی پوری کوشش نہیں کی










