اہم ترین

اوپن اے آئی کو بڑا قانونی دھچکا، یورپی یونین میں نام کا ٹریڈ مارک مسترد

برسلز: مصنوعی ذہانت کی معروف امریکی کمپنی اوپن اے آئی کو یورپی یونین میں اس وقت قانونی دھچکا لگا جب یورپی عدالتِ انصاف نے کمپنی کے نام کو ٹریڈ مارک کے طور پر رجسٹر کرانے کی اپیل مسترد کر دی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اوپن اے آئی نے یورپی یونین انٹلیکچوئل پراپرٹی آفس (ای یو آئی پی او) کے اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی جس میں کمپنی کے لوگو کو تو قانونی تحفظ دیا گیا تھا، تاہم “اوپن اے آئی” نام کو ٹریڈ مارک تسلیم کرنے سے انکار کر دیا گیا تھا۔

یورپی یونین کے انٹلیکچوئل پراپرٹی آفس کا مؤقف تھا کہ “اوپن” اور “اے آئی” دونوں انگریزی کے عام الفاظ ہیں، جن کا مجموعہ مصنوعی ذہانت سے متعلق متعدد کاروباری سرگرمیوں کی وضاحت کر سکتا ہے، اس لیے یہ نام اتنا منفرد نہیں کہ اسے خصوصی ٹریڈ مارک کا درجہ دیا جائے۔

یورپی قوانین کے مطابق ایسے الفاظ یا نام، جو کسی مصنوعات یا خدمت کی عام نوعیت یا خصوصیت بیان کرتے ہوں، انہیں ٹریڈ مارک کے طور پر رجسٹر نہیں کیا جا سکتا کیونکہ اس سے دیگر کمپنیوں کے لیے ان الفاظ کا عام استعمال محدود ہو سکتا ہے۔

البتہ قوانین میں یہ استثنا موجود ہے کہ اگر کوئی کمپنی ثابت کر دے کہ اس کا نام طویل عرصے سے عوام میں منفرد شناخت حاصل کر چکا ہے تو اسے تحفظ دیا جا سکتا ہے۔ تاہم عدالت نے قرار دیا کہ اوپن اے آئی اس معیار پر پورا نہیں اتر سکی۔

یورپی عدالتِ انصاف نے اپنے فیصلے میں ای یو آئی پی او کے مؤقف کو برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ “اوپن اے آئی” نام ٹریڈ مارک کے لیے درکار انفرادیت نہیں رکھتا، اس لیے اسے یورپی یونین میں بطور ٹریڈ مارک رجسٹر نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم اس فیصلے سے کمپنی کے لوگو کے پہلے سے موجود قانونی تحفظ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

پاکستان