اہم ترین

محمد نواز کو منشیات کے استعمال پر 3 ماہ کی پابندی : آئی سی سی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کے آل راؤنڈر محمد نواز کو اینٹی ڈوپنگ کوڈ کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے ان پر عائد پابندی کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔

آئی سی سی کے مطابق محمد نواز کا 7 فروری 2026 کو کولمبو میں نیدرلینڈز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ کے بعد ڈوپ ٹیسٹ لیا گیا تھا، جس میں کاربوکسی ٹی ایچ سی نامی ممنوعہ مادے کی موجودگی پائی گئی۔

تحقیقات کے دوران محمد نواز نے ممنوعہ مادہ استعمال کرنے کا اعتراف کیا، تاہم مؤقف اختیار کیا کہ اس کا استعمال کسی میچ کے دوران یا کھیل میں کارکردگی بہتر بنانے کی غرض سے نہیں کیا گیا تھا۔

آئی سی سی نے اس خلاف ورزی پر انہیں تین ماہ کی معطلی کی سزا سنائی، جس کا اطلاق یکم مئی 2026 سے کیا گیا۔ بعد ازاں اینٹی ڈوپنگ سے متعلق لازمی تربیتی پروگرام مکمل کرنے پر سزا میں دو ماہ کی کمی کر دی گئی اور پابندی ایک ماہ تک محدود کر دی گئی۔

عالمی کرکٹ کونسل کے مطابق محمد نواز اپنی سزا پوری کر چکے ہیں اور ان کی معطلی ختم ہو چکی ہے، تاہم اینٹی ڈوپنگ قوانین کے تحت 7 فروری سے یکم مئی 2026 تک ان کے تمام بین الاقوامی میچوں کے نتائج اور ریکارڈ کالعدم تصور کیے جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپریل 2026 میں تصدیق کی تھی کہ آئی سی سی نے محمد نواز کے ریکریئیشنل ڈرگ استعمال کرنے سے متعلق رپورٹ بورڈ کو ارسال کی تھی، جس کے بعد معاملہ آئی سی سی کے اینٹی ڈوپنگ ضوابط کے مطابق نمٹایا گیا۔

ماہرین کے مطابق ریکریئیشنل ڈرگ سے مراد وہ نشہ آور مادے ہیں جو کھیل میں کارکردگی بڑھانے کے لیے نہیں بلکہ ذاتی یا تفریحی استعمال کے لیے لیے جاتے ہیں، تاہم عالمی اینٹی ڈوپنگ قوانین کے تحت مخصوص ممنوعہ مادوں کی موجودگی پر کھلاڑی کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔

پاکستان