مصنوعی ذہانت (اے آئی) چِپ ساز کمپنی اینویڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جینسن ہوانگ کی مشہور سیاہ چمڑے کی جیکٹ 9 لاکھ 60 ہزار امریکی ڈالر نیلام ہوئی ہے۔ پاکستانی کرنسی میں اس کی مالیت تقریباً 27 کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔
امریکی نیلام گھر سوتھبیز کے مطابق ٹام فورڈ کی تیار کردہ اس جیکٹ کے لیے 45 افراد نے بولی لگائی۔ سوتھبیز کے ماڈرن کلیکٹیبلز شعبے کے سربراہ برہم واخٹر نے اسے مصنوعی ذہانت کے دور کی ایک نمایاں شخصیت سے منسلک یادگار قرار دیا۔
جینسن ہوانگ کی سیاہ چمڑے کی جیکٹ ان کی منفرد شناخت بن چکی ہے۔ وہ تقریباً ہر عوامی تقریب میں یہی انداز اپناتے ہیں، حتیٰ کہ 2021 میں ٹائم میگزین کے سرورق پر بھی وہ اسی طرز کی جیکٹ میں نظر آئے تھے۔
جس طرح ایپل کے بانی اسٹیو جابز سیاہ ٹرٹل نیک اور میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ سرمئی ٹی شرٹس کے لیے مشہور رہے، اسی طرح جینسن ہوانگ کی چمڑے کی جیکٹ بھی ان کی شخصیت کا نمایاں حصہ سمجھی جاتی ہے۔
اینویڈیا کی قیادت میں کمپنی نے غیر معمولی ترقی کرتے ہوئے دنیا کی سب سے زیادہ مارکیٹ ویلیو رکھنے والی عوامی کمپنیوں میں سرفہرست مقام حاصل کیا ہے۔
نیلامی سے حاصل ہونے والی تمام رقم ایج انسٹی ٹیوٹ کو دی جائے گی، جو انگریزی زبان کی تعلیم اور پیشہ ور افراد کو مغربی کاروباری و تعلیمی طریقہ کار کی تربیت فراہم کرنے والا غیر منافع بخش ادارہ ہے۔











