امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں ارجنٹینا کے خلاف انگلینڈ کی دفاعی حکمتِ عملی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ برتری حاصل کرنے کے بعد ٹیم نے غیر ضروری طور پر اپنے بہترین کھلاڑی کو دفاعی کردار دے دیا۔
نیویارک میں فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کے ہمراہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے انگلینڈ کے کپتان ہیری کین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک غیرمعمولی کھلاڑی ہیں، جن کے ساتھ وہ تقریباً ڈیڑھ سال قبل فلوریڈا میں گولف بھی کھیل چکے ہیں۔
ٹرمپ نے کہ کہ انگلینڈ کے پاس ایک بہترین کھلاڑی ہیری کین ہے، لیکن شاید انہوں نے انہیں دفاعی ذمہ داری دے کر غلطی کی۔ مجھے فٹبال کے بارے میں زیادہ علم نہیں، مگر برتری کے بعد ٹیم کو زیادہ جارحانہ انداز اپنانا چاہیے تھا۔
فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ارجنٹائن کے خلاف انگلینڈ نے ابتدا میں برتری حاصل کی، تاہم کوچ تھامس ٹوخل نے آخری 30 منٹ میں دو فارورڈ کھلاڑیوں کو میدان سے باہر بلا کر ان کی جگہ دفاعی کھلاڑی اتارے، جس کے بعد ٹیم زیادہ تر دفاع تک محدود ہو گئی۔
ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی نے اس صورتحال کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور دو گولوں کی بنیاد بننے والے فیصلہ کن پاس دے کر اپنی ٹیم کو 2-1 سے کامیابی دلوائی اور فائنل میں پہنچا دیا۔
دوسری جانب انگلینڈ کے ہیڈ کوچ تھامس ٹوخل نے اپنی حکمتِ عملی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے فیصلے پر کوئی افسوس نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم بہت زیادہ غیر فعال ہو گئی تھی اور انہوں نے تبدیلیاں صرف ٹیم کی مدد کے لیے کی تھیں۔











