اہم ترین

ڈیوڈ وارنر کا شراب پی کر گاڑی چلانے کا اعتراف جرم

آسٹریلیا کے سابق اسٹار کرکٹر ڈیوڈ وارنر نے شراب کے نشے میں گاڑی چلانے کے الزام میں جرم قبول کر لیا ہے۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق ان کی سزا کا فیصلہ 18 اگست کو سنایا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق ڈیوڈ وارنر پر الزام تھا کہ وہ ایک وین چلا رہے تھے اور پولیس کے معمول کے الکحل ٹیسٹ چیک پوائنٹ سے پہلے گاڑی روک دی، جس کے بعد ان کا سانس کا ٹیسٹ کیا گیا، گرفتار کر کے پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔

سڈنی کی عدالت میں وارنر کے وکیل نے درمیانی درجے کی شراب نوشی کے بعد ڈرائیونگ کے ایک الزام میں ان کی جانب سے جرم قبول کرنے کا بیان جمع کرایا۔ تاہم ڈیوڈ وارنر خود عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

وارنر کے وکیل بابی ہِل نے کہا کہ زندگی میں بہت سے لوگ غلط فیصلے کرتے ہیں، لیکن اہم بات اپنی غلطی کو تسلیم کرنا اور اس کی ذمہ داری قبول کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چاہے کوئی مزدور ہو، ڈاکٹر یا دنیا کا بہترین اوپننگ بلے باز، اس خطرے کا سامنا ہر شخص کو ہو سکتا ہے۔

یاد رہے کہ ڈیوڈ وارنر آسٹریلیا کے کامیاب ترین اوپننگ بلے بازوں میں شمار ہوتے ہیں اور اس وقت سڈنی تھنڈر کی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) ٹیم کی قیادت بھی کر رہے ہیں۔

پاکستان