اہم ترین

ورلڈ کپ 2027 کی تیاری:پی سی بی کا نیا ون ڈے ٹورنامنٹ متعارف کرانے کا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مردوں کے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 2026-27 کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے، جو 11 اگست 2026 سے 15 جون 2027 تک جاری رہے گا۔

پی سی بی کے مطابق نئے سیزن میں لسٹ اے، فرسٹ کلاس، ٹی ٹوئنٹی، انڈر 19، انڈر 17 اور انڈر 15 سمیت مختلف فارمیٹس کے کئی ٹورنامنٹس شامل کیے گئے ہیں، جن کا مقصد قومی ٹیم، ڈومیسٹک کھلاڑیوں، ایمرجنگ کرکٹرز اور نوجوان ٹیلنٹ کی تیاری کو بہتر بنانا ہے۔

نئے ڈومیسٹک کیلنڈر کا آغاز دو لسٹ اے ٹورنامنٹس سے ہوگا تاکہ پاکستان ٹیم کے کھلاڑی آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے لیے بہتر تیاری کر سکیں۔ ورلڈ کپ 2027 جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں 4 اکتوبر سے 21 نومبر 2027 تک کھیلا جائے گا۔

پی سی بی نے ریجنل کرکٹ کو مضبوط بنانے کے لیے سیالکوٹ اور پشاور کو ایک ایک اضافی ٹیم دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب لاہور اور کراچی کے ساتھ یہ دونوں ریجن بھی ایسے چار ریجنز میں شامل ہوں گے جن کی دو، دو ٹیمیں ہوں گی۔

پاکستان کا سب سے بڑا فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائداعظم ٹرافی 2026-27 دو ڈویژنز میں کھیلا جائے گا۔نئے شامل کیے گئے نیشنل چیمپئنز کپ میں چار ٹیمیں حصہ لیں گی، جبکہ یہ ٹورنامنٹ 11 سے 18 اگست 2026 تک ملتان میں کھیلا جائے گا۔

قائداعظم ٹرافی گولڈ میں گزشتہ سیزن کی ٹاپ آٹھ ٹیمیں شامل ہوں گی، جبکہ قائداعظم ٹرافی سلور میں 12 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ سلور ڈویژن کی فاتح ٹیم اگلے سیزن میں گولڈ ڈویژن میں ترقی حاصل کرے گی۔

پی سی بی نے انڈر 19 کھلاڑیوں کے لیے بھی ریڈ بال اور وائٹ بال کرکٹ کا مکمل نظام ترتیب دیا ہے۔ انڈر 19 چیمپئن شپ اور کپ میں 20 ریجنل ٹیمیں حصہ لیں گی۔

پاکستان