ایران کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کے معاملے پر عمان کے ساتھ ہونے والے حالیہ مذاکرات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے مطابق، جمعہ اور ہفتے کے روز تہران میں ایران اور عمان کے نائب وزرائے خارجہ کے درمیان اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آبنائے ہرمز کی انتظامی امور اور دیکھ بھال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی خبر رساں ادارے ‘تسنیم’ کے مطابق ترجمان نے بتایا کہ دونوں ممالک نے دونوں ساحلی ریاستوں کے خودمختارانہ حقوق اور حقِ ملکیت کا احترام کرتے ہوئے، آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت کے لیے مشترکہ اصولوں اور آپریشنل طریقہ کار پر گفتگو کی۔
اسماعیل بقائی نے مذاکرات کو مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ گفتگو میں پیش رفت ہوئی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی و سیاسی مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ فی الحال آبنائے ہرمز میں بحری ٹریفک کی صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور آمدورفت معمول کے مطابق ہے۔











