سیشن کورٹ لاہور نے اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کے مقدمے میں مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا کی عبوری ضمانت میں 3 ستمبر تک توسیع کر دی۔
ایڈیشنل سیشن جج نصرت صدیقی نے کیس کی سماعت کی، جس میں ملزمان کی جانب سے رانا معروف ایڈووکیٹ جبکہ اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے عدنان احسان ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ثاقب چدھڑ کی حد تک تفتیش مکمل ہو چکی ہے اور وہ تفتیش میں قصوروار پائے گئے ہیں۔
تفتیشی افسر کے مطابق ثاقب چدھڑ کی اہلیہ سمیرا نے دو روز قبل نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کو اپنا موبائل فون جمع کروایا، جسے فرانزک کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔
اداکارہ مومنہ اقبال کے وکیل عدنان احسان نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان کی ضمانت خارج کی جائے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان کی آزادی ان کے موکل کے لیے خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔
عدالت نے فریقین کے وکلا کو آئندہ سماعت پر حتمی دلائل کے لیے طلب کرتے ہوئے ملزمان کی عبوری ضمانت میں 3 ستمبر تک توسیع کر دی۔
واضح رہے کہ مومنہ اقبال کی درخواست پر این سی سی آئی اے نے ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کے الزام میں مقدمہ درج کر رکھا ہے۔











