کوئٹہ: بلوچستان کے ایران سے متصل ضلع کیچ کے علاقے ناصر آباد، تربت سے چھ افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس کے مطابق تمام مقتولین کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع ملنے پر لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کر دیا گیا۔
محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کے معاون برائے میڈیا بابر یوسفزئی کے مطابق برآمد ہونے والی لاشیں ان مزدوروں کی ہیں جنہیں دو روز قبل تربت کے قریب کلاتک کے علاقے سے اغوا کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر سات مزدوروں کو اغوا کیا گیا تھا، جن میں سے ایک کو اغوا کے فوراً بعد مسلح افراد نے قتل کر دیا تھا، جبکہ باقی چھ افراد کی لاشیں آج ناصر آباد سے برآمد ہوئیں۔
بابر یوسفزئی کے مطابق مقتولین میں چار افراد کا تعلق پنجاب جبکہ دو کا تعلق خیبر پختونخوا سے تھا۔ انہوں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ایسے واقعات میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے مطابق اس قتل میں وہی شرپسند عناصر ملوث ہیں جو مبینہ طور پر بیرونی آقاؤں کی ایما پر بلوچستان میں حالات خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تاہم اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔










