اہم ترین

مومنہ اقبال، سیدہ طوبیٰ… اور اب میں بھی: عروبہ مرز ا بھی ثاقب چدھڑ کے خلاف ثبوت سامنے لے آئیں

مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ ایک جانب اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے ہراسانی کےالزام میں مقدمہ بھگت رہے ہیں تو دوسری جانب ایک اور اداکارہ ان کے خلاف میدان میں آگئی ہیں ۔

اداکارہ عروبہ مرزا نے سوشل میڈیا پر چند مبینہ انسٹاگرام چیٹس شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ رکنِ صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ نے ان سے بھی متعدد مرتبہ رابطہ کرنے کی کوشش کی۔

اداکارہ کی جانب سے انسٹاگرام اسٹوریز میں شیئر کیے گئے مبینہ اسکرین شاٹس میں گفتگو شروع کرنے کی درخواستوں کے ساتھ اسنیپ چیٹ پر بات چیت جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار بھی دکھایا گیا ہے۔ عروبہ مرزا نے اپنی پوسٹ میں لکھا، مومنہ اقبال، سیدہ طوبیٰ… اور اب میں بھی۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ثاقب چدھڑ پہلے ہی شوبز شخصیات سے متعلق الزامات کے باعث خبروں میں ہیں۔ اس سے قبل اداکارہ اور میزبان سیدہ طوبیٰ کی جانب سے بھی ان پر مختلف نوعیت کے الزامات سامنے آ چکے ہیں، جبکہ اداکارہ مومنہ اقبال نے ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر رکھی ہے۔

مومنہ اقبال کی درخواست کے مطابق انہوں نے ثاقب چدھڑ پر سائبر اسٹاکنگ، ہراسانی، بلیک میلنگ اور شادی کی پیشکش مسترد کیے جانے کے بعد دھمکیاں دینے جیسے الزامات عائد کیے ہیں۔ یہ مقدمہ پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) کے تحت درج ہے اور اس کی تحقیقات نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کر رہی ہے۔

مومنہ اقبال کا مؤقف ہے کہ وہ صرف قانونی طریقے سے انصاف چاہتی ہیں اور عدالت سے باہر کسی بھی سمجھوتے کی اطلاعات درست نہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ فرانزک شواہد نے ان کے مؤقف کو تقویت دی ہے، تاہم مقدمہ تاحال عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔

دوسری جانب عروبہ مرزا کی جانب سے شیئر کیے گئے مبینہ پیغامات کے بعد یہ معاملہ ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آ گیا ہے۔ تاہم ثاقب چدھڑ کے خلاف سامنے آنے والے تمام الزامات کی قانونی حیثیت کا فیصلہ متعلقہ عدالتوں اور تحقیقاتی اداروں کی کارروائی کے بعد ہی ہوگا۔

پاکستان