بھارت کے تجربہ کار بلے باز اجنکیا رہانے نے جمعرات کو بین الاقوامی کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، جس کے ساتھ ان کے تقریباً دو دہائیوں پر محیط بین الاقوامی کیریئر کا اختتام ہوگیا۔
اجنکیا رہانے نے انسٹاگرام پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں نے ہمیشہ اپنی بیٹنگ میں درست وقت پر بھروسہ کیا ہے، اور آج مجھے محسوس ہوتا ہے کہ آگے بڑھنے اور بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا یہی درست وقت ہے۔
رہانے نے بھارت کی جانب سے 85 ٹیسٹ، 90 ایک روزہ اور 20 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 5077 رنز اسکور کیے، جن میں 12 سنچریاں شامل ہیں۔ وہ بیرونِ ملک مشکل وکٹوں پر عمدہ بیٹنگ کے باعث بھارت کے قابلِ اعتماد بلے بازوں میں شمار کیے جاتے تھے۔
ان کے کیریئر کا یادگار ترین لمحہ 2020-21 کے آسٹریلیا کے دورے میں آیا، جب مستقل کپتان ویرات کوہلی کی عدم موجودگی میں انہوں نے بھارتی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے 2-1 سے تاریخی ٹیسٹ سیریز جتوائی۔ ایڈیلیڈ میں شکست اور 36 رنز پر آل آؤٹ ہونے کے بعد رہانے کی قیادت میں بھارت نے شاندار واپسی کرتے ہوئے میلبورن ٹیسٹ جیتا، سڈنی میں میچ ڈرا کیا اور برسبین کے گابا گراؤنڈ میں فیصلہ کن فتح حاصل کی۔
اپنے پیغام میں رہانے نے کہا کہ بھارتی کرکٹ کا حصہ رہنا ان کے لیے باعثِ فخر رہا، جبکہ اب وہ نئی نسل کے کھلاڑیوں کی رہنمائی کے لیے کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھی اجنکیا رہانے کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں بھارت کے قابلِ اعتماد بلے بازوں میں سے ایک قرار دیا۔











