بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے صاحبزادے آریان خان ایک بار پھر اپنی ذاتی زندگی کے باعث خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں آریان کو لندن میں ایک پراسرار خاتون کے ساتھ دیکھا گیا، جس کے بعد دونوں کے درمیان تعلقات سے متعلق قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے مذکورہ خاتون کی شناخت آرٹسٹ وینی تکائر کے طور پر کی ہے۔ تصاویر میں آریان خان اور وینی تکائر کو لندن کے ایک کیسینو سے ایک ساتھ باہر نکلتے دیکھا جا سکتا ہے، تاہم دونوں میں سے کسی نے بھی ان خبروں پر تاحال کوئی ردعمل نہیں دیا۔
تصاویر میں آریان خان کیژول لباس میں نظر آئے، جبکہ وینی تکائر نے سیاہ رنگ کا لباس پہن رکھا تھا۔ دونوں کی ایک ساتھ موجودگی کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی ممکنہ ڈیٹنگ سے متعلق چہ مگوئیاں تیز ہوگئی ہیں۔
ادھر وینی تکائر نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لندن کے سفر کی چند تصاویر شیئر کی تھیں۔ اس پوسٹ کے بعد دونوں کے تعلقات سے متعلق افواہوں کو مزید تقویت ملی۔ رپورٹس کے مطابق آریان خان اور وینی تکائر انسٹاگرام پر ایک دوسرے کو فالو بھی کرتے ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ آریان خان کی نجی زندگی خبروں میں آئی ہو۔ اس سے قبل بھی ان کا نام برازیلین ماڈل اور اداکارہ لاریسا بونیزی کے ساتھ جوڑا جاتا رہا ہے۔ لاریسا، آریان کے لگژری اسٹریٹ ویئر برانڈ کی تشہیری مہم کا حصہ رہ چکی ہیں، جبکہ وہ آریان کی بطور ہدایتکار پہلی ویب سیریز بیڈز آف بولی ووڈ کے پریمیئر میں بھی شریک ہوئی تھیں۔
آریان خان نے اداکاری کے بجائے ہدایت کاری اور کاروبار کے شعبے میں اپنا کیریئر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ اپنے لگژری فیشن برانڈ کے ساتھ کاروباری سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جبکہ بطور ہدایتکار اپنی پہلی ویب سیریز کے ذریعے بھی انڈسٹری میں قدم رکھ چکے ہیں۔ اگرچہ آریان میڈیا کی توجہ سے دور رہنا پسند کرتے ہیں، تاہم ان کی عوامی سرگرمیاں اکثر سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن جاتی ہیں۔











