اہم ترین

فخر زمان فٹ ہوگئے، مکمل توجہ ورلڈ کپ 2027پر

قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخر زمان نے کہا ہے کہ حالیہ تربیتی کیمپ نے کھلاڑیوں کو اپنی خامیوں پر کام کرنے کا بہترین موقع فراہم کیا ہے اور اس سے نوجوان کرکٹرز سمیت تمام کھلاڑیوں کو فائدہ پہنچے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فخر زمان نے کہا کہ گزشتہ دو تین ماہ سے جاری کیمپ میں کھلاڑیوں کی ان تکنیکی کمزوریوں پر بھی کام کیا گیا جو عام میچوں کے دوران نظر نہیں آتیں۔ ان کے مطابق ورلڈکپ میں ابھی وقت باقی ہے، اس لیے کھلاڑیوں کو اپنی تیاری بہتر بنانے کا موقع مل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیمپ سے قبل کچھ کھلاڑی شاید ٹیم مینجمنٹ کی ترجیحات میں شامل نہیں تھے، لیکن انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر کے توجہ حاصل کی، جو ان کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔

فخر زمان نے پاکستان کے فاسٹ بولنگ شعبے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر ٹیم پر مشکل وقت آتا ہے، تاہم کامیابی کے لیے مثبت سوچ اور مسلسل محنت ضروری ہے۔

فخر زمان نے اپنی فٹنس کے حوالے سے بتایا کہ وہ مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں اور بیٹنگ کا آغاز بھی کر دیا ہے۔ ان کے مطابق وہ آئندہ نیشنل چیمپئنز کپ سے مسابقتی کرکٹ میں واپسی کا ارادہ رکھتے ہیں۔

قومی بلے باز نے نوجوان کرکٹرز کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ صرف پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ایک یا دو میچز میں اچھی کارکردگی دکھانے سے کسی کھلاڑی کو فوری طور پر انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے تیار قرار نہیں دیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی نوجوان کھلاڑی میں صلاحیت ہے اور وہ ٹیم میں جگہ کا حق دار بنتا ہے تو اسے ضرور موقع ملنا چاہیے، لیکن اس کے لیے معیار، تسلسل اور ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی دکھانا ضروری ہے۔

فخر زمان نے اپنی بیٹنگ پوزیشن کے حوالے سے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ سے بات چیت ہوئی ہے، تاہم کچھ معاملات ایسے ہوتے ہیں جنہیں عوام کے سامنے بیان نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی ترجیح ہمیشہ ٹیم کی ضرورت رہی ہے۔

انہوں نے جنوبی افریقا میں کھیلنے کی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کی باؤنسی پچز ان کی بیٹنگ تکنیک کو موزوں آتی ہیں، اور وہ اپنی تیاریوں کو 2027 کے ورلڈکپ کو مدنظر رکھتے ہوئے آگے بڑھا رہے ہیں۔

پاکستان