اہم ترین

شاہ رخ خان کی فلم کنگ کی ریلیز سے پہلے ہی ریکارڈ کمائی، میوزک حقوق 58 کروڑ روپے میں فروخت

بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی آنے والی فلم کنگ ریلیز ہونے سے پہلے ہی بھرپور کمائی کررہی ہے۔۔ اس کی وجہ بھارتی فلم نگری میں کنگ کے میوزک رائٹس کی ریکارڈ قیمت پر فروخت ہونے کے چرچے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کے میوزک حقوق کے لیے سونی میوزک، سارےگاما اور ٹی سیریز کے درمیان سخت مقابلہ جاری ہے، جبکہ ایک کمپنی نے مبینہ طور پر 50 کروڑ بھارتی روپے کی پیشکش بھی کر دی ہے۔

رپورٹس کے مطابق اگر یہ معاہدہ طے پا جاتا ہے تو “کنگ” جدید دور کی بھارتی فلموں کی تیسری بڑی میوزک رائٹس ڈیل بن سکتی ہے۔ اس وقت رامائن کے دونوں حصوں کے میوزک حقوق تقریباً 75 کروڑ بھارتی روپے میں فروخت ہونے کی اطلاعات ہیں، جبکہ دھرندر 2 کے میوزک رائٹس مبینہ طور پر 58 کروڑ بھارتی روپے میں فروخت ہوئے تھے۔

فلم کنگ کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند کر رہے ہیں، جبکہ اس میں شاہ رخ خان کے ساتھ ان کی صاحبزادی سوہانا خان پہلی مرتبہ سینما میں مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔ فلم کی کاسٹ میں ابھیشیک بچن، انیل کپور، دیپیکا پڈوکون اور راگھو جویال بھی شامل ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق موسیقار سچن جگر فلم کا میوزک ترتیب دے رہے ہیں، جس کی وجہ سے اس کے گانوں کے حقوق کو فلم کی سب سے قیمتی غیر تھیٹر ڈیلز میں شمار کیا جا رہا ہے۔

تاہم، اب تک کسی بھی کمپنی کے ساتھ معاہدہ باضابطہ طور پر طے نہیں پایا اور نہ ہی فلم سازوں نے میوزک رائٹس کی قیمت یا خریدار کے حوالے سے کوئی سرکاری اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ کنگ 24 دسمبر 2026 کو سینما گھروں کی زینت بنے گی اور اسے سال کی سب سے بڑی بالی ووڈ ریلیزز میں شمار کیا جا رہا ہے۔

پاکستان