اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے، جبکہ انہوں نے آزاد کشمیر میں سیاسی سرگرمیاں تیز کرنے کا اعلان کر دیا۔
اپنے ویڈیو پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے پونچھ کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ 10 اگست کو پونچھ آ رہے ہیں اور ضلع باغ میں جلسہ کریں گے، کارکن اپنی تیاریاں مکمل کریں۔
بلاول بھٹو نے آزاد کشمیر کے انتخابی عمل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ صاف اور شفاف انتخابات نہیں تھے بلکہ ان کے بقول یہ “دھاندلی والے انتخابات” تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس کے باوجود عوام نے پاکستان پیپلزپارٹی کو نو انتخابی نشستوں پر کامیاب کروایا۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ میرپور اور مظفرآباد میں جو نشستیں ان کے مطابق پیپلزپارٹی سے چھینی گئیں، وہ واپس دلانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ سیاسی جدوجہد جاری رکھیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی نہ ہمت ہارتی ہے، نہ پیچھے ہٹتی ہے اور نہ ہی کبھی میدان چھوڑتی ہے۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ آئندہ سیاسی سرگرمیوں کے لیے تیار رہیں۔
اپنے پیغام میں انہوں نے 4 اگست کو مظفرآباد سے باذل نقوی اور جاوید ایوب کی حمایت کا ذکر کرتے ہوئے کارکنوں کو متحرک رہنے کی ہدایت بھی کی۔










