اہم ترین

ایشین لیجنڈز لیگ میں پاکستانی کرکٹرز کی شرکت پر پی سی بی کا سخت ایکشن

پاکستان کرکٹ بورڈ نے زیمبیا میں جاری ایشین لیجنڈز لیگ میں سابق پاکستانی کرکٹرز کی شرکت کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق یہ لیگ نہ تو آئی سی سی اور نہ ہی زیمبیا کرکٹ یونین سے منظور شدہ ہے، جبکہ اس میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں نے بورڈ سے لازمی این او سی بھی حاصل نہیں کیا۔

پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ غیر منظور شدہ لیگ میں شرکت کرنے والے سابق کرکٹرز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ایسے کھلاڑیوں کو آئندہ دو سال تک پی سی بی کی جانب سے این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔

بورڈ کے مطابق یہ کرکٹرز دو سال تک پی ایس ایل سمیت پی سی بی کے زیرِ انتظام کوچنگ، مینٹورنگ اور دیگر ذمہ داریوں کے لیے بھی نااہل قرار دیے جا سکتے ہیں۔

پی سی بی نے تمام موجودہ اور سابق کرکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ بیرون ملک کسی بھی ایونٹ میں شرکت سے قبل بورڈ سے لازمی اجازت حاصل کریں، تاکہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی سے بچا جا سکے۔

پاکستان