اہم ترین

پاکستانی اسپنرنعمان علی کا انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ کھیلیں گے، لنکا شائر سے معاہدہ

پاکستان کے تجربہ کار اسپنر نعمان علی انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز کے دوران قومی ٹیم کے لیے بیک اپ اسپن آپشن کے طور پر دستیاب ہوں گے۔ نعمان علی نے کاؤنٹی چیمپئن شپ کے آخری مرحلے کے لیے لنکا شائر کے ساتھ چھ میچز کا معاہدہ کر لیا ہے۔

39 نعمان علی نے 2024 کے آخر میں انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں شاندار واپسی کی تھی۔ انہوں نے صرف دو ٹیسٹ میچز میں 20 وکٹیں حاصل کر کے پاکستان کو سیریز میں 1-0 کے خسارے سے واپسی کرتے ہوئے 2-1 سے فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

رواں سال بنگلا دیش کے دورے کے دوران وہ ٹیم میں اپنی جگہ برقرار نہ رکھ سکے، جس کے بعد ان کی جگہ بائیں ہاتھ کے اسپنر علی عثمان کو شامل کیا گیا۔ علی عثمان بھی انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا حصہ ہیں، جبکہ آف اسپنر ساجد خان بھی ٹیم میں شامل ہیں۔

نعمان علی کا کہنا ہے کہ وہ پہلی مرتبہ انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لنکا شائر ایک تاریخی کلب ہے اور وہ اپنی کارکردگی سے ٹیم کے لیے کردار ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔

لنکا شائر کے ڈائریکٹر آف کرکٹ مارک چلٹن نے نعمان علی کو تجربہ کار اور باصلاحیت اسپنر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریڈ بال کرکٹ میں ان کا ریکارڈ خود بولتا ہے، اور کاؤنٹی چیمپئن شپ کے آخری میچز میں ان کا تجربہ ٹیم کے لیے اہم ثابت ہو سکتا ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 19 اگست سے لیڈز میں ہوگا۔

پاکستان