اہم ترین

بھارتی فلم اسٹار وجے کی ازدواجی زندگی میں یوٹرن، اہلیہ نے طلاق کی درخواست واپس لے لی

بھارتی فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار اور ریاست تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ وجے کی اہلیہ سنگیتا نے شوہر سے طلاق کے لیے دائر درخواست واپس لے لی، جس کے بعد فیملی کورٹ نے طلاق کا مقدمہ ختم کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سنگیتا نے رواں سال فروری میں فیملی کورٹ میں طلاق کی درخواست دائر کی تھی۔ درخواست میں انہوں نے وجے پر مبینہ طور پر غیر ازدواجی تعلقات رکھنے، ذہنی اذیت دینے اور نظرانداز کرنے کے الزامات عائد کیے تھے۔

عدالت میں سماعت کے دوران سنگیتا ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پیش ہوئیں اور درخواست واپس لینے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔ جج نے تقریباً 15 منٹ تک ان سے پوچھ گچھ کے بعد درخواست واپس لینے کی منظوری دے دی، جس کے ساتھ ہی طلاق کا مقدمہ ختم ہوگیا۔

وجے اور سنگیتا کی شادی 10 جولائی 1998 کو برطانیہ میں رجسٹرڈ ہوئی تھی، جبکہ 25 اگست 1999 کو چنئی میں روایتی انداز میں شادی کی گئی۔ سنگیتا سری لنکن نژاد ہیں۔

سنگیتا نے اپنی درخواست میں دعویٰ کیا تھا کہ انہیں اپریل 2021 میں اپنے شوہر کے ایک اداکارہ کے ساتھ مبینہ تعلق کا علم ہوا۔ تاہم انہوں نے درخواست میں اداکارہ کا نام ظاہر نہیں کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وجے کے رویے اور مسلسل نظرانداز کیے جانے کے باعث ان کا ازدواجی رشتہ تقریباً ختم ہوچکا تھا۔

وجے اور سنگیتا کے درمیان طلاق کی قانونی کارروائی کے دوران اداکارہ تریشا کرشنن کے ساتھ وجے کے مبینہ تعلقات کی افواہیں بھی خبروں میں رہیں۔ وجے کی وزیراعلیٰ کی حیثیت سے حلف برداری کی تقریب میں بھی تریشا کی شرکت نے ان افواہوں کو مزید ہوا دی۔ انتخابی نتائج کے دن بھی تریشا کے وجے کی رہائش گاہ پہنچنے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

وجے کے وزیراعلیٰ بننے کے بعد تریشا کی فلم کے لیے خصوصی صبح کے شو کی اجازت بھی توجہ کا مرکز بنی، تاہم دونوں کے درمیان کسی رومانوی تعلق کی باضابطہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔

پاکستان