اہم ترین

فیفا صدر کو ہٹانے کی سوچ بھی غلطی ہے، ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں عہدے سے ہٹانے پر غور کرنا بھی بہت بڑی غلطی ہوگی۔

ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ فیفا کسی بھی وجہ سے صدر جیانی انفینٹینو کو تبدیل کرنے پر غور کرے تو یہ ایک خوفناک غلطی ہوگی۔ انہوں نے انفینٹینو کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں اب تک کا سب سے کامیاب ورلڈ کپ منعقد ہوا۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ اگر انفینٹینو کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تو آئندہ ورلڈ کپ کبھی بھی اتنا کامیاب یا منافع بخش نہیں ہوگا۔

ٹرمپ کی جانب سے انفینٹینو کی حمایت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب فیفا صدر کو اپنے عہدے پر شدید دباؤ کا سامنا ہے۔ یورپ کی یوئیفا، شمالی و وسطی امریکا کی کونکاکاف اور ایشیا کی اے ایف سی نے مشترکہ خط میں انفینٹینو پر اعتماد توڑنے اور ’دھوکے‘ کے ذریعے قیادت کے اصولوں کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا ہے۔

تینوں کنفیڈریشنز نے اپنے خط میں کہا کہ فٹبال میں قیادت کسی فرد کی ذاتی ملکیت نہیں اور نہ ہی اقتدار اپنے پاس رکھنے یا دوسروں سے اس کا مطالبہ کرنے کا نام ہے۔ ان کے مطابق جب دھوکے کے ذریعے اعتماد توڑا جائے اور کوئی فرد اسے اختیار سونپنے والے اجتماعی ادارے سے خود کو بالاتر سمجھے تو وہ اپنی ذمہ داری سے دستبردار ہو جاتا ہے۔

ورلڈ کپ میں نجی سرمایہ کاری کا منصوبہ تنازع کا سبب

انفینٹینو نے ورلڈ کپ سمیت فیفا کے مقابلوں میں نجی سرمایہ کاری شامل کرنے کا منصوبہ پیش کیا تھا، تاہم شدید تنقید کے بعد انہیں یہ منصوبہ واپس لینا پڑا۔

یوئیفا نے اس منصوبے کی مخالفت کرتے ہوئے ورلڈ کپ کے بائیکاٹ تک کی دھمکی دی تھی، جسے انفینٹینو کے منصوبے سے دستبردار ہونے میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ یوئیفا نے اس منصوبے کو غیر شفاف اور پس پردہ معاہدہ قرار دیتے ہوئے انفینٹینو پر فیصلہ سازی میں ناکامی کا الزام بھی عائد کیا۔

دوسری جانب فیفا نے گزشتہ ہفتے اپنے صدر کی حمایت کرتے ہوئے ادارے کو کمزور کرنے کی کوششوں کی مذمت کی تھی۔ مراکش میں ہونے والے ہنگامی اجلاس میں فیفا کے اعلیٰ حکام نے انفینٹینو کو مکمل حمایت فراہم کی، تاہم یوئیفا، کونکاکاف اور اے ایف سی نے اس حمایت کو ناکافی قرار دیا ہے۔

چوتھی مدت کے لیے دوبارہ انتخاب کا معاملہ

56 سالہ جیانی انفینٹینو تقریباً 10 برس سے فیفا کے صدر ہیں اور مارچ 2027 میں ہونے والے فیفا کانگریس میں چوتھی اور آخری مدت کے لیے دوبارہ انتخاب لڑیں گے۔ صدارتی امیدواروں کے نام 18 نومبر تک جمع کرائے جا سکتے ہیں۔

انفینٹینو کو افریقی فٹبال کنفیڈریشن (سی اے ایف) کی حمایت حاصل ہے، جبکہ جنوبی امریکا کی فٹبال گورننگ باڈی کونمیبول بھی بڑی حد تک ان کے ساتھ ہے۔ کونکاکاف کے صدر وکٹر مونٹاگلیانی کو انفینٹینو کے ممکنہ حریف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

فیفا کے صدارتی انتخاب میں ووٹ کنفیڈریشنز نہیں بلکہ رکن فٹبال ایسوسی ایشنز دیتی ہیں۔ انفینٹینو کو میکسیکو اور ایشیا کی دو رکن ایسوسی ایشنز کویت اور قطر کی حمایت بھی حاصل ہے۔

انفینٹینو کی قیادت میں 48 ٹیموں پر مشتمل اب تک کا سب سے بڑا ورلڈ کپ امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں منعقد ہوا، تاہم نجی سرمایہ کاری کے منصوبے نے فٹبال کی عالمی تنظیم میں اختلافات کو نمایاں کر دیا ہے۔

یوئیفا، کونکاکاف اور اے ایف سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک دہائی میں فٹبال کی ترقی کسی ایک فرد کی کامیابی نہیں بلکہ فیفا، کنفیڈریشنز، رکن ایسوسی ایشنز اور کھیل سے وابستہ لاکھوں افراد کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔

پاکستان