بالی ووڈ کی آنے والی فلم ’’حیوان‘‘ میں اکشے کمار ولن کے کردار میں نظر آئیں گے، تاہم ہدایت کار پریہ درشن کے مطابق اس کردار کے لیے اکشے کمار ان کی پہلی پسند نہیں تھے۔
پریہ درشن نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ فلم میں منفی کردار کے لیے انہوں نے سب سے پہلے بوبی دیول سے رابطہ کیا تھا۔ ’’اینیمل‘‘ میں ولن کے کردار سے بھرپور شہرت حاصل کرنے والے بوبی دیول کو کہانی سنائی گئی، تاہم انہیں اسکرپٹ پسند نہیں آئی اور انہوں نے فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا۔
ہدایت کار کے مطابق بوبی دیول کے انکار کے بعد اکشے کھنہ کو اس کردار کے لیے زیرِ غور لایا گیا۔ دونوں کے درمیان فون پر بات بھی ہوئی اور ملاقات طے ہونے والی تھی۔ پریہ درشن نے یہ بھی سوچ لیا تھا کہ اگر اکشے کھنہ بھی فلم سے انکار کرتے ہیں تو وہ اگلے مرحلے میں سنیل شیٹی سے رابطہ کریں گے۔
تاہم فلم کی کاسٹنگ نے اس وقت نیا رخ اختیار کیا جب ’’بھوت بنگلہ‘‘ کی شوٹنگ کے دوران پریہ درشن نے اکشے کمار کو ’’حیوان‘‘ کی کہانی سنائی۔ اکشے کمار کو کردار اور کہانی پسند آگئی اور انہوں نے منفی کردار ادا کرنے میں دلچسپی ظاہر کردی۔
یوں اکشے کمار فلم کا حصہ بن گئے، جبکہ سیف علی خان مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم میں بومن ایرانی اور راجپال یادو سمیت دیگر اداکار بھی شامل ہیں۔
’’حیوان‘‘ کا مختصر ٹیزر 12 اگست کو جاری کیا گیا ہے، جس میں اکشے کمار اور سیف علی خان کی جھلک دکھائی گئی ہے۔ فلم 11 ستمبر کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بوبی دیول نے 2023 کی فلم ’’اینیمل‘‘ میں منفی کردار کے ذریعے زبردست توجہ حاصل کی تھی، جس نے عالمی باکس آفس پر 900 کروڑ بھارتی روپے سے زیادہ کا بزنس کیا تھا۔










