ایپل نے آئی فون اور دیگر آئی او ایس ڈیوائسز پر ایپس کے اندر بیرونی لنکس کے ذریعے ہونے والی خریداری پر نئی کمیشن شرحیں مقرر کرنے کی تجویز امریکی عدالت میں جمع کرا دی ہے۔
ایپل نے جمعرات کو شمالی ضلع کیلیفورنیا کی امریکی ڈسٹرکٹ کورٹ میں نئی درخواست دائر کی، جس میں عام ایپس کے لیے بیرونی لنکس سے ہونے والی خریداری پر 15 فیصد کمیشن تجویز کیا گیا ہے، جبکہ مخصوص پروگراموں میں شامل ڈویلپرز کے لیے مزید رعایتیں بھی رکھی گئی ہیں۔
مجوزہ ڈھانچے کے تحت چھوٹے کاروباری ڈویلپرز سے 5 فیصد کمیشن وصول کیا جائے گا، جبکہ ویڈیو پارٹنر پروگرام، نیوز پارٹنر پروگرام اور منی ایپس پارٹنر پروگرام میں شامل ڈویلپرز کے لیے کمیشن کی شرح 10 فیصد ہوگی۔
ایپل نے سبسکرپشن کی تجدید پر بھی کمیشن کم کرکے 10 فیصد کرنے کی تجویز دی ہے۔
ایپل اور ایپک گیمز کے درمیان ایپ اسٹور کی کمیشن پالیسیوں اور مبینہ مسابقتی رکاوٹوں پر کئی برس سے قانونی تنازع جاری ہے۔ ایپل اس معاملے میں عدالت کے سامنے اپنی مجوزہ کمیشن شرح پیش کرنے میں تاخیر کی کوشش کرتا رہا، تاہم امریکی سپریم کورٹ کی جانب سے کارروائی روکنے کی درخواست مسترد کیے جانے کے بعد کمپنی کو اپنی تجویز پیش کرنا پڑی۔
تنازع کا ایک اہم پہلو بیرونی لنکس کے ذریعے ادائیگیوں پر ایپل کی جانب سے عائد 27 فیصد کمیشن اور ڈویلپرز پر ان لنکس کو صارفین کے سامنے پیش کرنے سے متعلق پابندیاں تھیں۔ ایپل نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ نچلی عدالت میں جاری کارروائی کو اس وقت تک مؤخر کیا جائے جب تک سپریم کورٹ اس معاملے پر فیصلہ نہیں کرتی، تاہم عدالت نے کارروائی روکنے کی درخواست مسترد کر دی۔
ایپل کا کہنا ہے کہ صارفین کی جانب سے ایپس کے ذریعے کی جانے والی خریداری پر فیس وصول کرنا کمپنی کے لیے ضروری ہے تاکہ ایپ اسٹور کو چلانے والی ٹیکنالوجی، آلات اور خدمات میں کی جانے والی سرمایہ کاری کی لاگت پوری کی جا سکے۔











