اہم ترین

دن میں میرے خواب نہ دیکھیں: بابا رام دیو کی تنقید پر کنگنا رناوت کا جواب

بھارتی اداکارہ اور سیاستدان کنگنا رناوت نے بابا رام دیو کے اپنے بارے میں بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ باباجی، میری جوانی اور بیڈروم کے بارے میں دن میں خواب نہ دیکھیں۔

کنگنا نے انسٹاگرام اسٹوری پر بابا رام دیو کے بیان سے متعلق خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ افواہوں اور گپ شپ کی بنیاد پر کوئی بھی کچھ بھی اندازہ لگا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کم از کم انہیں جھوٹے اور جعلی دعووں پر سپریم کورٹ سے سرزنش کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

بھارتی ٹی وی 9 بھارت ورش کے ایک پروگرام میں بابا رام دیو سے کنگنا کے گٹر جنریشن سے متعلق بیان پر سوال کیا گیا تھا۔ انہوں نے کنگنا کی اہلیت، بچپن اور جوانی کے بارے میں سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو اس طرح کے الفاظ سے پکارنا غلط ہے۔

بابا رام دیو نے کہا کہ کنگنا کو نوجوانوں اور جنریشن زی کے بارے میں اس طرح کے تبصرے نہیں کرنے چاہئیں اور ان کی جماعت کو بھی اس معاملے کا نوٹس لینا چاہیے۔

بابا رام دیو نے کہا کہ نوجوان کسی ایک ذات، طبقے یا مذہب تک محدود نہیں بلکہ معاشرے کے تمام طبقات کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ان کے مطابق نوجوان ایک بڑی طاقت ہیں اور انہیں نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

بابا رام دیو کے بیان کے جواب میں کنگنا نے ان کے تبصروں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور اپنے ذاتی معاملات سے متعلق قیاس آرائیوں پر اعتراض کیا۔ ان کی پوسٹ کے بعد دونوں کے درمیان لفظی تنازع سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گیا ہے۔

پاکستان