اہم ترین

حج 2027: 88 ہزار 700 عازمین نے واجبات کی پہلی قسط جمع کرادی

وزارت مذہبی امور نے حج 2027 کی سرکاری اسکیم کے تحت رجسٹریشن اور واجبات کی ادائیگی سے متعلق تازہ ترین تفصیلات جاری کردی ہیں، جس کے مطابق لانگ حج پیکیج کی صرف ساڑھے 18 ہزار نشستیں باقی رہ گئی ہیں، جبکہ اب تک 88 ہزار 700 عازمین حج پہلی قسط جمع کراچکے ہیں۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق پنجاب سے 46 ہزار 400، سندھ سے 23 ہزار 500 اور خیبرپختونخوا سے 11 ہزار 300 عازمین نے پہلی قسط جمع کرائی۔ اسی طرح اسلام آباد سے 3933، بلوچستان سے 2555، گلگت بلتستان سے 677 جبکہ آزاد کشمیر سے 362 عازمین نے حج واجبات ادا کیے ہیں۔

حج حکام کے مطابق نیشنل آئی ٹی بورڈ کے حج پورٹل پر آن لائن ادائیگی کا نیا ریکارڈ بھی قائم ہوا ہے، جہاں صرف تین روز میں پہلی قسط کی مد میں 55 ارب روپے سے زائد وصول کیے گئے۔ مجموعی طور پر 40 فیصد عازمین نے ون لنک یا کارڈ کے ذریعے آن لائن ادائیگی کو ترجیح دی، جبکہ بلوچستان میں آن لائن ادائیگی کا تناسب سب سے زیادہ 72 فیصد رہا۔

وزارت کے مطابق عازمینِ حج پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے پی ایس آئی ڈی، کارڈ یا مینول بینک چالان کے ذریعے واجبات ادا کرسکتے ہیں۔ وزارت مذہبی امور نے حج 2027 پر جانے کے خواہش مند افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے کوائف اور ادائیگی کا عمل جلد مکمل کریں۔ ترجمان کے مطابق 40 روزہ حج پیکیج کے لیے مطلوبہ تعداد مکمل ہوتے ہی اس پیکیج کی بکنگ روک دی جائے گی۔

پاکستان