بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور خان کے تیسری بار حاملہ ہونے کی افواہیں سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگیں، تاہم اداکارہ کی ٹیم نے ان خبروں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کرینہ حاملہ نہیں ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 21 اگست کو کرینہ کپور کی جم سے ورزش کے بعد باہر نکلتے ہوئے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ ویڈیو میں اداکارہ جم ویئر میں اپنی گاڑی کی جانب جاتی دکھائی دیں، جس کے بعد بعض صارفین نے ان کے پیٹ کو دیکھ کر قیاس آرائیاں شروع کردیں کہ وہ تیسرے بچے کی توقع کر رہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر سوالات اور تبصروں کے بعد کرینہ کی ٹیم نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اداکارہ کے حاملہ ہونے کی خبریں درست نہیں اور یہ محض افواہیں ہیں۔
کرینہ کپور اور اداکار سیف علی خان نے اکتوبر 2012 میں شادی کی تھی۔ دونوں کے دو بیٹے تیمور علی خان اور جہانگیر علی خان (جے) ہیں۔
کرینہ اس سے قبل بھی خاندانی منصوبہ بندی کے حوالے سے گفتگو کرچکی ہیں۔ ایک پرانے انٹرویو میں انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا تھا کہ سیف علی خان نے اپنی زندگی کے ہر عشرے میں ایک بچے کا استقبال کیا ہے، تاہم انہوں نے مزید بچوں کے حوالے سے اپنی خواہش نہ ہونے کا عندیہ دیا تھا۔
یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ کرینہ کے تیسرے بچے کی افواہ سامنے آئی ہو۔ اس سے قبل 2022 میں بھی ایسی قیاس آرائیاں سوشل میڈیا پر گردش کرچکی ہیں، جنہیں بعد میں غلط قرار دیا گیا تھا۔











