پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے کے معاملے پر حکومت کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست دائر کر دی ہے۔ درخواست عزیر بھنڈاری اور سلمان اکرم راجہ کی جانب سے دائر کی گئی۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے مطابق عمران خان کے طبی معائنے اور علاج کے حوالے سے حکم کی خلاف ورزی کے خلاف سنیچر کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی ہے، جسے باقاعدہ طور پر دائری نمبر بھی الاٹ کر دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے مطابق اس مقدمے میں عزیر کرامت بھنڈاری ایڈووکیٹ وکیل ہیں جبکہ توہینِ عدالت کی درخواست سے متعلق کارروائی کے ایک ایک پہلو کی سلمان اکرم راجہ نے ذاتی طور پر نگرانی کی۔
توہینِ عدالت کی درخواست میں عمران خان کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل اسپتال اسلام آباد منتقل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں حکم پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے عدالتی افسر کی تعیناتی یا لوکل کمیشن مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں توہینِ عدالت کے مرتکب افراد کو شوکاز نوٹس جاری کر کے ذاتی حاضری کا حکم دینے کی استدعا کی گئی ہے۔










