بالی ووڈ اداکارہ تاپسی پنو ایک بار پھر منفرد کردار کے ساتھ مداحوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ان کی نئی کرائم ڈرامہ فلم ’گاندھاری‘ رواں سال 3 ستمبر کو نیٹ فلکس پر ریلیز کی جائے گی۔
تاپسی پنو نے فلم کی شوٹنگ کے دوران لی گئی کچھ خصوصی اور پہلے نہ دیکھی جانے والی تصاویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی ہیں، جن میں وہ فلم کی ٹیم اور اپنی آن اسکرین بیٹی کے ساتھ نظر آ رہی ہیں۔
شیئر کی گئی تصاویر میں فلم کے ہدایت کار دیوَاشیش مکھرجی تاپسی پنو کو سیٹ پر ایک منظر سمجھاتے دکھائی دیتے ہیں، جبکہ دیگر تصاویر میں اداکارہ ایک بچی کے ساتھ موجود ہیں۔ فلم میں تاپسی اسی بچی کی ماں کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
نابینا ماں کی کہانی
دیوَاشیش مکھرجی کی ہدایت کاری میں بننے والی ’گاندھاری‘ ایک کرائم ڈرامہ فلم ہے، جس کا ٹریلر 25 اگست کو جاری کیا گیا۔
فلم میں تاپسی پنو ایک ایسی ماں کا کردار ادا کر رہی ہیں جو بینائی سے محروم ہے۔ اس کی بیٹی کو اغوا کر لیا جاتا ہے، جس کے بعد وہ اپنی بیٹی کو تلاش کرنے اور اسے واپس لانے کے لیے ہر حد تک جانے کا فیصلہ کرتی ہے۔
فلم کی کہانی ماں اور بیٹی کے جذباتی رشتے کے ساتھ ساتھ ایک سنسنی خیز تلاش اور جدوجہد کے گرد گھومتی ہے۔
’گاندھاری‘ میں تاپسی پنو کے علاوہ ایشواک سنگھ، سواستیکا مکھرجی، چھایا کدم اور جتن سرنا بھی اہم کرداروں میں دکھائی دیں گے۔
تاپسی پنو اپنے کیریئر میں ’من مرزیاں‘، ’رشمی راکٹ‘، ’حسین دلربا‘، ’لوپ لپیٹا‘ اور ’ڈنکی‘ سمیت مختلف نوعیت کے کردار ادا کر چکی ہیں۔
اداکارہ اس سے قبل کورٹ روم ڈرامہ فلم ’اسی‘ میں نظر آئی تھیں۔ فلم 20 فروری کو سینما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی، تاہم باکس آفس پر توقعات کے مطابق کامیابی حاصل نہ کرسکی۔ بعد ازاں 17 اپریل کو اسے او ٹی ٹی پلیٹ فارم زی فائیو پر ریلیز کیا گیا۔
اب ’گاندھاری‘ میں تاپسی کا ایک نابینا ماں کا کردار اور اپنی اغوا شدہ بیٹی کے لیے خطرات مول لینے والی عورت کی جدوجہد مداحوں کی دلچسپی کا مرکز بنی ہوئی ہے۔











