اہم ترین

پربھاس کی فلم فوجی اکشے کمار اور اجے دیوگن کے لئے چیلنج بن گئی

بالی ووڈ اور جنوبی بھارتی سپر اسٹار پربھاس کی زیرِ تکمیل پیریڈ ایکشن ڈراما فلم ’فوجی‘ کی ریلیز سے متعلق قیاس آرائیاں ختم ہوگئی ہیں۔ فلم کے پروڈیوسر وائی روی شنکر نے تصدیق کی ہے کہ فلم اپنی طے شدہ تاریخ پر ہی سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

ہدایت کار ہنو راگھوپڈی کی فلم ’فوجی‘ کو میتھری مووی میکرز کے بینر تلے تیار کیا جا رہا ہے اور اس کی ریلیز 3 دسمبر 2026 کو مقرر ہے۔

فلم کی ریلیز ملتوی ہونے سے متعلق گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں جاری تھیں، تاہم پروڈیوسر نے واضح کر دیا ہے کہ فلم کو آگے نہیں بڑھایا جا رہا اور پربھاس کے مداح انہیں مقررہ تاریخ پر ہی بڑے پردے پر دیکھ سکیں گے۔

وائی روی شنکر نے ایک تیلگو ٹی وی چینل سے گفتگو میں فلم کی ریلیز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پربھاس ’فوجی‘ میں ناظرین کو حیران کرنے والے ہیں۔

پروڈیوسر کے مطابق اداکار نے فلم کے لیے غیر معمولی محنت کی ہے اور ان کی پرفارمنس قابلِ ذکر ہوگی۔

’فوجی‘ کے ٹیزر کے حوالے سے بھی اہم اپ ڈیٹ سامنے آئی ہے۔ پروڈیوسر کے مطابق فلم کا ٹیزر ستمبر یا اکتوبر 2026 میں جاری کیا جائے گا۔

اس سے قبل وائی روی شنکر بتا چکے ہیں کہ پربھاس فلم کی شوٹنگ کے لیے انتہائی سنجیدہ اور پرعزم ہیں۔ ان کے مطابق اداکار عموماً صبح تقریباً 8 بجے سے شام 6 بجے تک سیٹ پر موجود رہتے ہیں اور شوٹنگ کے معاملات پر توجہ دیتے ہیں۔

پروڈیوسر کے مطابق بعض اوقات پربھاس کے حصے کی شوٹنگ نہ ہونے کے باوجود وہ سیٹ پر موجود رہتے ہیں اور فلم کی پیش رفت پر نظر رکھتے ہیں۔

’فوجی‘ کی ریلیز کے موقع پر پربھاس کی فلم کو بڑے اسٹارز کی دو فلموں سے سخت مقابلے کا سامنا ہوگا۔

اجے دیوگن کی فلم ’رینجر‘ 4 دسمبر کو ریلیز ہونے والی ہے، جس میں سنجے دت اور تمنا بھاٹیہ بھی اہم کرداروں میں شامل ہیں۔

اسی تاریخ کو اکشے کمار اور ہدایت کار انیس بزمی کی ایک فلم بھی ریلیز کے لیے مقرر ہے، تاہم اس فلم کا حتمی عنوان ابھی سامنے نہیں آیا۔

یوں پربھاس کی ’فوجی‘ کی ریلیز کے ایک روز بعد ہی اجے دیوگن اور اکشے کمار کی فلمیں بھی سینما گھروں میں آنے کے باعث دسمبر کا پہلا ویک اینڈ بھارتی فلمی صنعت کے لیے خاصا اہم اور مسابقتی بن سکتا ہے۔

پاکستان