ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان ہاکی ٹیم نے جنوبی افریقا کوشکست دے کر اپنے سفر کا اختتام 11ویں پوزیشن کے ساتھ کیا۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 11ویں پوزیشن کے لیے کھیلا گیا میچ مقررہ وقت تک 4-4 گول سے برابر رہا، جس کے بعد فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔
جنوبی افریقا نے میچ کے پہلے کوارٹر میں گول کرکے برتری حاصل کی، جبکہ دوسرے کوارٹر میں دوسرا گول کرکے پاکستان پر 2-0 کی برتری بنا لی۔
پاکستان نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے پہلے افراز اور پھر محمد حماد کے گول کی بدولت مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا۔
ہاف ٹائم تک دونوں ٹیمیں برابر رہیں۔ تیسرے کوارٹر کے آغاز میں کپتان رانا وحید نے گول کرکے پاکستان کو 3-2 کی برتری دلائی، تاہم جنوبی افریقا نے آٹھ منٹ بعد گول کرکے اسکور 3-3 کردیا۔
میچ ختم ہونے سے پانچ منٹ قبل جنوبی افریقا نے پنالٹی اسٹروک پر گول کرکے ایک مرتبہ پھر برتری حاصل کرلی۔
پاکستان نے آخری لمحے تک ہمت نہ ہاری اور کھیل کے اختتامی سیکنڈز میں حماد الدین نے فیصلہ کن گول کرتے ہوئے مقابلہ 4-4 سے برابر کردیا۔
میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا، جہاں پاکستان نے 3-4 سے کامیابی حاصل کرلی۔
پاکستان نے ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 6 میچز کھیلے، جن میں 2 میں کامیابی حاصل کی، 3 میں شکست ہوئی جبکہ ایک میچ برابر رہا۔
یوں چار مرتبہ کی عالمی چیمپئن پاکستان ہاکی ٹیم نے عالمی کپ میں اپنا سفر 11ویں پوزیشن کے ساتھ مکمل کیا۔


