پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی 78ویں برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم کا جمہوریت، آئین کی پاسداری اور عوام کی بالادستی پر غیر متزلزل یقین آج بھی پوری قوم کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے۔
اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قائداعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے صرف ایک آزاد ملک حاصل نہیں کیا بلکہ ایک واضح وژن بھی دیا تھا۔ ان کے تصورِ پاکستان کی بنیاد مساوی حقوق، قانون کی حکمرانی، ضمیر و اعتقاد کی آزادی اور ہر شہری کے لیے یکساں مواقع پر قائم تھی۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ قائداعظم کو حقیقی معنوں میں خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ان اصولوں کو مضبوطی سے اپنایا جائے جن کے لیے انہوں نے جدوجہد کی۔ پاکستان کو ایسا ملک بنانا ہوگا جہاں آئین کی بالادستی، جمہوری اقدار اور عوام کی مرضی کو بنیادی حیثیت حاصل ہو۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بھی قائداعظم کے جمہوری وژن کو آگے بڑھانے کے لیے جدوجہد کی۔ دونوں رہنماؤں نے ایسے پاکستان کے لیے اپنی جانوں کی قربانی دی جہاں آئین بالادست اور عوام کی رائے مقدم ہو۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی برسی محض انہیں یاد کرنے کا دن نہیں بلکہ ان کے خواب کو عملی شکل دینے کے عزم کی تجدید کا موقع بھی ہے۔ قائداعظم نے قوم کو جو پاکستان سونپا تھا، اسے جمہوریت، انصاف، مساوات اور امید کی علامت بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسا پاکستان تعمیر کیا جائے جہاں آمریت، انتہاپسندی اور شہریوں کے جمہوری حقوق سلب کرنے کی کوئی گنجائش نہ ہو اور جہاں ہر فرد کو آئین کے تحت مساوی حقوق اور مواقع حاصل ہوں۔


