فلم حیوان کےایک ایکشن سین سےہی سیف علی خان نڈھال: دو دن آرام کرنا پڑگیا

بالی ووڈ اداکار سیف علی خان نے اپنی نئی فلم ’حیوان‘ میں بصارت سے محروم کردار کے لیے ایکشن مناظر عکسبند کرانے کے تجربے کے بارے میں انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کام انتہائی تھکا دینے والا تھا اور ایک شدید ایکشن سین کی شوٹنگ کے بعد انہیں دو دن تک آرام کرنا پڑا۔

اکشے کمار اور سیف علی خان کی اداکاری سے سجی فلم ’ حیوان کی ہدایت کاری پریادَرشن نے کی ہے اور یہ سیف علی خان کی ان کے ساتھ پہلی فلم ہے، جبکہ اکشے کمار کے ساتھ ان کی 18 سال بعد دوبارہ اسکرین پر واپسی بھی ہوئی ہے۔

فلم میں سیف علی خان ایک ایسے شخص کا کردار ادا کر رہے ہیں جو بینائی سے محروم ہے لیکن مارشل آرٹس میں مہارت رکھتا ہے۔ ایک اہم منظر میں ان کا کردار مخالف افراد کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بنتا ہے، جس کے بعد وہ بھرپور انداز میں مزاحمت کرتے ہوئے جوابی کارروائی کرتا ہے۔

سیف علی خان کے مطابق اس ایکشن سین کی تیاری اور عکسبندی خاصی مشکل تھی۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹنٹ ڈائریکٹر سلوا نے فائٹ سین کو نہایت مہارت سے ترتیب دیا اور اس میں زیادہ تر ایکشن حقیقی انداز میں فلمایا گیا۔

اداکار کے بقول اس منظر میں نہ ڈپلیکیٹ استعمال کیا گیا اور نہ ہی اسے مصنوعی انداز میں دکھانے کے لیے خصوصی ایفیکٹس کا سہارا لیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ منظر کی شوٹنگ کے دوران کمرے میں جگہ جگہ ٹوٹا ہوا شیشہ موجود تھا اور فرنیچر بھی توڑا گیا، جس کے باعث ایکشن انتہائی سخت اور تھکا دینے والا بن گیا۔

سیف نے کہا کہ بظاہر وہ خود کو ٹھیک سمجھ رہے تھے، لیکن سین مکمل ہونے کے بعد انہیں احساس ہوا کہ جسمانی طور پر وہ بری طرح تھک چکے ہیں اور انہیں دو دن تک آرام کرنا پڑا۔

اداکار کے مطابق فلم کی ٹیم نے اس کردار کے لیے کسی خصوصی ورکشاپ یا تربیتی پروگرام کا اہتمام نہیں کیا تھا۔ انہوں نے صرف اسٹنٹ ڈائریکٹر کے ساتھ ایکشن مناظر کی ریہرسل کی۔ سیف نے بتایا کہ شوٹنگ کے دوران معمولی نوعیت کے زخم اور خراشیں بھی آئیں، تاہم خوش قسمتی سے کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا۔

سیف علی خان نے ایکشن سین کے تجربے کو مشکل ہونے کے باوجود دلچسپ قرار دیتے ہوئے کہا کہ منظر کی شدت فلم کی کہانی کے ساتھ اس طرح جڑی ہوئی ہے کہ ناظرین بھی ان کے کردار کی جوابی کارروائی کو بھرپور انداز میں محسوس کریں گے۔

’حیوان‘ کو خاص طور پر سیف علی خان اور اکشے کمار کی طویل عرصے بعد دوبارہ ایک ساتھ واپسی اور پریادَرشن کے ساتھ سیف کے پہلے اشتراک کے باعث بھی توجہ حاصل ہو رہی ہے۔