کترینہ کے ماں بننے کے بعد وزن پر ٹرولنگ: سوشل میڈیا پر ٹرولز کو ہی رگڑا لگ گیا

کترینہ کیف کے پوسٹ پارٹم وزن کو لے کر سوشل میڈیا پر ہونے والی ٹرولنگ نے مداحوں کو شدید برہم کردیا۔ مداحوں نے ٹرولز کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ کترینہ نہ تو 20 سال کی ہیں اور نہ ہی انہیں کسی مصنوعی بیوٹی اسٹینڈرڈ پر پورا اترنے کی ضرورت ہے۔

چند روز قبل وکّی کوشل اور کترینہ کیف ہندو مت کی مذہبی تقریب میں نے شرکت کی۔ بچے کی پیدائش کے بعد یہ کترینہ کی پہلی بڑی عوامی موجودگی تھی۔ اداکارہ نے خوبصورت لانگ انارکلی گاؤن، بڑی بندی اور سیدھے بالوں کے ساتھ سادہ مگر دلکش انداز اپنایا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔

تاہم بعض صارفین نے اداکارہ کے پوسٹ پارٹم وزن اور میک اپ کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔ ایک صارف نے سوال اٹھایا کہ خواتین حمل کے بعد اپنی سیلف کیئر کو کیوں نظرانداز کرنے لگتی ہیں، جس پر دیگر صارفین نے اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

کترینہ کے دفاع میں لکھاری ساکشی نرولا بھی سامنے آئیں۔ انہوں نے ٹرول کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ آخر 40 یا 50 سال کی عمر کی خاتون سے 20 سالہ لڑکی جیسا دکھنے کی توقع کیوں کی جاتی ہے؟ ان کے مطابق حمل اور عمر کے ساتھ خواتین کے جسم میں تبدیلی آنا بالکل فطری ہے۔

ساکشی نے مزید کہا کہ کترینہ ایک نئی ماں ہیں اور اپنے بچے کی پرورش کررہی ہیں، اس لیے لوگوں کو خواتین کے جسم اور شکل و صورت پر فیصلہ سنانے کے بجائے حساسیت کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

ایک صارف نے کترینہ کے میک اپ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں ’’پڑوس کی بھابھی‘‘ قرار دیا۔ ساکشی نے طنزیہ انداز میں جواب دیا کہ ’’وہ تو وکّی بھیا کی اہلیہ ہیں‘‘۔

جب ایک صارف نے کترینہ کا موازنہ ملائکہ اروڑہ سے کیا تو ساکشی نے واضح کیا کہ ہر خاتون کا جسم اور زندگی کا مرحلہ مختلف ہوتا ہے، اس لیے ماؤں کا ایک دوسرے سے موازنہ کرنا بھی مناسب نہیں۔

اسی دوران کترینہ اور عالیہ بھٹ کی تصاویر کا تقابل بھی کیا گیا، جس پر صارفین نے عمر کے فرق کی نشاندہی کرتے ہوئے اس موازنے کو غیرضروری قرار دیا۔

یوں کترینہ کے پوسٹ پارٹم لُک پر شروع ہونے والی ٹرولنگ کے درمیان بڑی تعداد میں مداح ان کے دفاع میں سامنے آگئے اور ٹرولز کو واضح پیغام دیا کہ خواتین کے جسم کو تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے ان کی جدوجہد اور زچگی کے مرحلے کا احترام کیا جائے