اگر آپ بیرونِ ملک سفر کرتے ہیں یا ایسی جگہ موجود ہیں جہاں انٹرنیٹ کنکشن کمزور ہے تو گوگل لائیو ٹرانسلیٹ آپ کے لیے کافی مفید ثابت ہو سکتا ہے۔
گوگل نے لائیو ٹرانسلیٹ میں آف لائن سپورٹ شامل کی ہے، جس کے ذریعے بعض فونز پر بغیر وائی فائی یا موبائل ڈیٹا کے بھی دو زبانوں کے درمیان گفتگو کا ترجمہ کیا جا سکتا ہے۔ تاہم اس فیچر کی ایک بڑی شرط ہے۔۔ آف لائن لائیو ٹرانسلیٹ فی الحال ہر اینڈرائیڈ فون پر دستیاب نہیں ہے۔
گوگل کے مطابق آف لائن لائیو ٹرانسلیٹ فی الحال پکسل 9، 10 اور 11 سیریز کے موبائل فونز پر دستیاب ہے۔ یعنی پکسل 8 یا اس سے پرانے ماڈلز کے علاوہ سام سنگ گلیکسی ، ون پلس ، موٹرولا اور دیگر اینڈرائیڈ فونز پر آف لائن لائیو ٹرانسلیٹ سپورٹ فی الحال دستیاب نہیں۔
پرانے فونز کو اس فہرست میں شامل نہ کرنے کی وجہ گوگل نے واضح نہیں کی ہے، تاہم ہارڈ ویئر اور پراسسنگ ریکوائرمنٹس اس کی ممکنہ وجہ ہو سکتی ہیں۔
آف لائن موڈ میں فی الحال زبانوں کی تعداد آن لائن لائیو ٹرانسلیٹ کے مقابلے میں محدود ہے۔ اس میں انگلش، ہندی، فرانسیسی، جرمن، جاپانی، پرتگالی، روسی، سوئیڈش، اطالوی اور اندونیشیائی زبان میں ہی لائیو ترجمہ کیا جا سکتا ہے۔
ایک اہم بات یہ ہے کہ ہر زبان سے ہر دوسری زبان میں براہِ راست ترجمہ ممکن نہیں ہوگا۔ مثال کے طور پر ہسپانوی سے فرنچ کا آف لائن لائیو ٹرانسلیشن فی الحال براہِ راست نہیں کیا جا سکتا، اس کے لیے انگریزی کو درمیان کی زبان کے طور پر استعمال کرنا ہوگا۔
آف لائن لائیو ٹرانسلیٹ کیسے استعمال کریں؟
انٹرنیٹ کے بغیر ٹرانسلیشن استعمال کرنے سے پہلے مطلوبہ لینگوئج پیک فون میں ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگا۔
سفر کے دوران ہوگا زیادہ فائدہ
گوگل لائیو ٹرانسلیٹ گفتگو کے دوران بولے گئے الفاظ کو شناخت کرکے ان کے سیاق و سباق کے مطابق ترجمہ کرتا ہے۔ اسے ہیڈ فون کے بغیر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے، جبکہ اسے وائر لیس ایئر بڈز کے ساتھ بھی چلایا جا سکتا ہے۔
آف لائن سپورٹ خاص طور پر ان حالات میں کارآمد ہو سکتا ہے جہاں انٹرنیٹ کمزور ہو، مثلاً ایئرپورٹ، ٹرین، میٹرو یا دور دراز علاقوں میں۔ اس طرح مسافر انٹرنیٹ کنکشن کے بغیر بھی دوسری زبان بولنے والے شخص سے بنیادی گفتگو کر سکیں گے۔


