کوہاٹ خودکش حملے میں شہدا کی تعداد 31 ہوگئی: 16 پولیس اہلکار شامل

کوہاٹ میں پولیس ہیڈکوارٹرز پر خودکش دھماکے اور مسلح حملے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد کم از کم 31 ہوگئی ہے، جن میں 16 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حملہ آوروں نے جمعہ کی سہ پہر کوہاٹ کے اولڈ پولیس لائنز کمپلیکس پر دھاوا بولا۔ پولیس کمپلیکس میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)، اسپیشل برانچ اور دیگر پولیس یونٹس کے اہم دفاتر قائم ہیں۔

ایک سینئر پولیس افسر نے اے ایف پی کو بتایا کہ حملے اور خودکش دھماکے میں اب تک 31 افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں بڑی تعداد پولیس اہلکاروں کی ہے اور متعدد کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق متعدد حملہ آور اب بھی کمپلیکس کے اسپیشل برانچ سیکشن میں موجود تھے اور ان کے ساتھ گزشتہ رات سے فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا۔ حکام کے مطابق کمپلیکس میں موجود عسکریت پسندوں کی درست تعداد معلوم نہیں ہوسکی۔

اے ایف پی کے مطابق مقامی عسکریت پسند گروپ اتحاد المجاہدین پاکستان نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ یہ گروپ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے منسلک ایک دھڑا ہے۔