بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور نے اپنی عمر اور چہرے پر نمودار ہونے والی جھریوں پر تنقید کرنے والے سوشل میڈیا صارفین کو دوٹوک جواب دے دیا۔
کرینہ کپور نے ماضی میں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک صارف کے تبصرے کا اسکرین شاٹ شیئر کیا تھا، جس میں انہیں ’’بڈھی‘‘ کہہ کر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
اداکارہ نے اس تبصرے پر ردعمل دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کسی کو ’’بڈھی‘‘ کہنا آخر بے عزتی کیوں سمجھا جاتا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ ان کے لیے یہ محض ایک لفظ ہے، جس کا مطلب عمر رسیدہ یا بڑی عمر کا ہونا ہے۔
کرینہ کپور نے کہا کہ وہ عمر میں بڑی اور زیادہ سمجھدار ہیں، تاہم انہوں نے ٹرولرز سے یہ سوال بھی کیا کہ کیا وہ خود بغیر نام، چہرے اور عمر کے ہیں؟
اداکارہ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر انہیں بارہا اسی نوعیت کے تبصرے نظر آتے ہیں اور بعض صارفین عمر اور ظاہری شکل کو بنیاد بنا کر خواتین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔
کرینہ کپور کے اس ردعمل کو سوشل میڈیا پر عمر کے حوالے سے ہونے والی تنقید اور ’’ایج شیمنگ‘‘ کے خلاف ان کا واضح مؤقف قرار دیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ کرینہ کپور کے علاوہ ملائکہ اروڑا، کاجول اور ایشوریہ رائے بچن سمیت کئی بالی ووڈ اداکارائیں بھی ماضی میں اپنی عمر، ظاہری شکل اور جسمانی تبدیلیوں کے باعث سوشل میڈیا ٹرولنگ کا سامنا کرچکی ہیں۔


